فائٹ کا مقصد ملکوں کو قریب لانا ہے عامر خان

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی، اسٹار باکسر


Sports Reporter June 02, 2019
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی، اسٹار باکسر۔ فوٹو: فائل

QUETTA: سابق عالمی چیمپئن پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان اور بھارتی باکسرنیرج گویات کے درمیان فائٹ12جولائی کوسعودی عرب کے شہرجدہ میں ہوگی۔

باکسر عامر خان نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ فائٹ کا مقصد دونوں ممالک کوقریب لانا ہے اور اس سے دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی، دو مرتبہ کے عالمی چیمپئن اورایتھنز اولمپکس2004 میں میڈل جیتنے والے عامرخان اور ان کے حریف ورلڈ باکسنگ کونسل کے ویلٹر ویٹ میں ایشین چیمپئن نیرج گویات کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی، جدہ میں ایک دوسرے کو زیر کرنے کی کوشش کریں گے۔

عامر خان نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں ، بے شک میں برطانیہ میں رہتا ہوں لیکن میرا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، لیاری میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے،ان کا کہنا تھا کہ گلگت کے عثمان وزیر کی شکل میں پروفیشنل باکسر دیا ہے ، امید ہے وہ عالمی چیمپئن بن سکیں گے،حکومت پاکستان بھی باکسنگ کے فروغ میں کردار ادا کرے۔

ویزا نہ ملنے کے باعث پاکستان نہ پہنچ پانے والے بھارتی باکسر نیرج نے وڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان اور بھارت سرحدوں پر لڑائی چھوڑکرکھیلوں کے میدان آباد کریں،کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیکرہم ایک دوسرے کے قریب آسکتے ہیں۔

پروموٹر بل ڈوسانچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے باکسرزکے درمیان ایشیا کی بڑی فائٹ ہونے جارہی ہے،یہ فائٹ ڈبلیوسی سی پرل بیلٹ کے لیے ہوگی، مسلم باکسرز کے لحاظ سے یہ ایک تاریخ ساز مقابلہ ثابت ہوگا، عامر خان جدہ ٹائیگرز اور بھارتی باکسر جدہ شارکس کی نمائندگی کریں گے، مین فائٹ سے قبل ٹائٹل کارڈ اور انڈرکارڈ مقابلے بھی ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔