پُرجوش بنگال ٹائیگرز پروٹیز کو حیران کرنے کیلیے بے تاب

فاتحانہ آغاز کے لیے حوصلے بلند،جنوبی افریقی ٹیم کو پہلی کامیابی کا انتظار

فاتحانہ آغاز کے لیے حوصلے بلند،جنوبی افریقی ٹیم کو پہلی کامیابی کا انتظار۔ فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ میں اتوار کو جنوبی افریقہ کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا تاہم پُرجوش بنگال ٹائیگرز پروٹیز کو حیران کرنے کیلیے بے تاب ہیں۔

بنگلہ دیش کو اگرچہ ورام اپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں 95 رنز سے شکست ہوئی تاہم اس کے حوصلے کافی بلند ہیں، ٹیم میگاایونٹ میں مہم کا آغاز کامیابی سے کرنا چاہتی ہے، سینئر کھلاڑی شکیب الحسن امیدوں کے محور ہوں گے، وہ بیٹ اور بال دونوں کی مدد سے اہم مقابلوں میں ٹائیگرزکی کامیابی میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں، اسی طرح وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم بھی بہترین فارم میں ہیں۔

دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم اپنا دوسرا میچ کھیلے گی، اسے پہلے مقابلے میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا، میزبان سائیڈ نے تینوں شعبوں میں ہی پروٹیز کو آؤٹ کلاس کردیا تھا۔


اس مقابلے میں تجربہ کار اوپنر ہاشم آملا، جوفرا آرچر کا باؤنسر ہیلمٹ پر لگنے کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ اگرچہ بعد میں وہ دوبارہ بیٹنگ کیلیے آئے مگر زیادہ رنز نہیں بنا پائے تھے۔ تجربے کی بنیاد پر ایک بار پھر جنوبی افریقی ٹیم کا ان پر انحصار ہوگا۔

پروٹیز کو بنگلہ دیشی ٹیم کی صلاحیتوں کا سابقہ تجربہ بھی حاصل ہے جب 2007 کے میگا ایونٹ میں بنگال ٹائیگرز نے انھیں شکست سے دوچار کردیا تھا، اس لیے وہ انھیں آسان شکارسمجھنے کو تیار نہیں ہیں۔ دوپہر میں بارش کی پیشگوئی ہے، ابر آلود کنڈیشنز سے سیمرز کو مدد ملنے کا امکان ہو گا،ٹاس مقابلے کے نتیجے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 
Load Next Story