کراچی بدامنی کیس سپریم کورٹ نے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کردیا

تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ سابق ممبر کسٹم رمضان بھٹی ہوں گے جو 7روز میں اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے


ویب ڈیسک August 30, 2013
ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں امریکی ساختہ، اے کے 47، اور زیادہ تر واقعات میں میں 9 ایم ایم پستول استعمال ہوئی،ڈی جی رینجرز فوٹو فائل

سپریم کورٹ نے کراچی بدامنی کیس میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی تحقیقات کے لئے کمیشن قائم کرتے ہوئے سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بدامنی کیس کی سماعت کی، عدالت نے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی تحقیقات کے لئے ایک کمیشن قائم کردیا جو 7روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گا،کمیشن کے سربراہ سابق ممبر کسٹم رمضان بھٹی ہوں گے،کمیشن ہتھیاروں کی خریداری، اسمگلنگ کے خاتمے سے متعلق تجاویز،بحری جہاز اور لانچوں سے اسلحہ اسمگلنگ کےخاتمے سے متعلق تجاویز دے گا،عدالت نے ایف بی آرکورمضان بھٹی کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دوان سماعت ایک موقع پر چیف جسٹس نے ڈی جی رینجرز سندھ سے استفسار کیا کہ کراچی میں اسلحہ کہاں سے آتا ہے، کیا آسمان سے آتا ہے، جواب میں ڈی جی رینجرز نے کہا کہ نیٹو کے 19 ہزارکنٹینرزکا معاملہ چند سال پرانا ہے، سابق وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کے دور میں کنٹینرزکھولے گئے تھے، یہی اسلحہ کراچی میں استعمال ہوا جس کی وجہ سے شہرجل رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ خفیہ ادارے معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

ڈی جی رینجرز نے عدالت کو بتایا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے کچھ واقعات میں مقامی، جرمن، امریکی ساختہ، اے کے فوٹی سیون، اور زیادہ تر واقعات میں میں نائن ایم ایم پستول استعمال ہوئی، پورٹ سے نکلنے والا اسلحہ قبائلی علاقوں میں جاتا ہے اور پھر واپس کراچی آتا ہے، ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ تمام راستوں پر چیک پوسٹ موجود ہے مگر فورسز موجود نہیں، مسائل کے باعث پولیس اوررینجرز کو اچانک کارروائی کرنا پڑتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں