چائنا کٹنگ مسمارکیے گئے مکانات کی تعمیرات دوبارہ شروع

سرجانی ٹاؤن سیکٹر6 راجپوت کالونی اوردیگر علاقوں میں پلاٹوں کی تعمیر کے لیے پولیس نے ایجنٹ مقرر کیے ہوئے ہیں


Staff Reporter June 03, 2019
مفتی ناصر، زاہد، خاور اورنعمان سمیت 6 افراد پر مشتمل گروہ پلاٹوں پر تعمیراتی کام شروع کرنے کی اجازت دیتا ہے ،ذرائع

سرجانی ٹاؤن سیکٹر6 میںمسمارکیے گئے چائنا کٹنگ کے مکانات کی تعمیرات کا کام دوبارہ شروع کردیاگیا ہے ، ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات کروا رہے ہیں کہ غیرقانونی مکانات کی تعمیرات میںکون لوگ ملوث ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں چائنا کٹنگ کے پلاٹوں پر تعمیرات کا سلسلہ دوبارہ زور شور سے جاری ہے ، مکانات پولیس کی مبینہ سرپرستی میں تعمیر کیے جا رہے ہیں ذرائع نے بتایا کہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر6 راجپوت کالونی میں کے ڈی اے کی جانب سے کچھ عرصہ قبل منہدم کیے جانے چائنا کٹنگ کے پلاٹوں پر تعمیرات کا کام دوبارہ تیزی سے شروع کر دیا گیا ، ذرائع نے بتایا کہ سیکٹر 6 میں کھیل کے میدان پر پلاٹ کی کٹنگ کرنے کے بعد فروخت کر دیے گئے تھے اور لوگوں نے اس پلاٹ پر مکانات بھی تعمیر کر لیے تھے تاہم کراچی آپریشن کے دوران کے ڈی اے کی انکروچمنٹ ٹیم نے کھیل کے میدان میں بنے تمام مکانات مسمار کر دیے تھے تاہم چند ماہ قبل مسمار کیے جانے والے تمام پلاٹوں پر تعمیرات کاکام تیزی سے دوبارہ شروع کردیا گیا۔

ذرائع نے بتایاکہ پلاٹوں کی تعمیر میں پولیس کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے ، سیکٹر 6 سرجانی ٹاؤن راجپوت کالونی اوراردگردکے علاقوں میں پلاٹوںکی تعمیر کیلیے پولیس نے ایجنٹ مقرر کیے ہوئے ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی ناصر ، زاہد رند ، خاور عباس اور نعمان سمیت 6 افراد پر مشتمل ایک گروہ ہے جو پلاٹوں پر تعمیراتی کام شروع کرنے کی اجازت دیتا ہے جس کے وہ مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے وصول کرتا ہے ، پلاٹ پر مکان کی تعمیر کی اجازت اسی کو دی جاتی ہے جس کے پاس اس پلاٹ کی فائل موجود ہوتی ہے، مذکورہ ایجنٹوں نے پولیس اور متعلقہ دیگر تمام اداروں کی ذمے داری لی ہوئی ہے کہ ان کے مکان کو تعمیر کرنے سے کوئی بھی نہیں روکے گا، ایس ایس پی ویسٹ منظور کھٹیان کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ جو مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں وہ قانونی ہیں یا غیر قانونی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں