شام پر بدھ تک فوجی حملہ کیا جاسکتا ہے فرانسیسی صدر

برطانیہ کے ساتھ نہ دینے کے فیصلے کے بعد بھی شام کے حوالے سے فرانس کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، فرانسیسی صدر


/AFP August 30, 2013
شام کی صورتحال پر فرانس بشارالاسد حکومت کے خلاف منظم اور جامع کارروائی چاہتا ہے، فرانسیسی صدر فوٹو: فائل

فرانسیسی صدر فرینکوئس ہولینڈے نے کہا ہے کہ شام پر بدھ تک فوجی حملہ کیا جاسکتا ہے۔

مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے فرینکوئس ہولینڈے نے کہا کہ شام پر حملے کے لئے برطانیہ کے ساتھ نہ دینے کے فیصلے کے بعد بھی فرانس کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور ہم بدھ تک شام پر فوجی حملہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کی صورتحال پر فرانس بشارالاسد حکومت کے خلاف منظم اور جامع کارروائی چاہتا ہے تاہم کوئی بھی کارروائی پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر نہیں ہوگی۔

ایک جانب فرانس شام پر حملہ کرنے کی ٹھانے ہوئے ہے تو دوسری جانب جرمنی نے اس طرح کی کسی بھی کارروائی کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ برطانوی پارلیمنٹ میں شام پر حملے کے خلاف زیادہ ووٹ پڑنے پر برطانیہ بھی حملے کے اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔

واضح رہے کہ فرانسیسی طرز حکومت کے تحت فرانسیسی صدر کو اس طرح کی کسی بھی کارروائی کے لئے پارلیمنٹ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہے تاہم پھر بھی شام کی صورتحال پر فرانسیسی پارلیمنٹ کا آئندہ بدھ کو ہنگامی اجلاس طلب گیا ہے جس میں شام پر فوجی حملہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں