لاہور میں سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت عباس بھٹی کے گھر سے 13 سالہ ملازمہ بازیاب

پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت عباس بھٹی اور ان کے دو ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے ورثا کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے زنجیروں میں بندھی کمسن ملازمہ کو بازیاب کرایا، فوٹو: ایکسپریس نیوز

پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت عباس بھٹی کے گھر پر چھاپہ مار کر زنجیروں سے بندھی 13 سالہ ملازمہ کو بازیاب کرالیا، پولیس نے سابق ایم این اے اور ان کے دو ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت عباس بھٹی نے لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں اپنے گھر کے سرونٹ کواٹر میں 13 سالہ شاہدہ نامی لڑکی کو مبینہ طور پر گزشتہ 6 ماہ سے قید کررکھا تھا تاہم آج پولیس نے ورثا کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے زنجیروں میں بندھی کمسن ملازمہ کو بازیاب کرالیا۔


پولیس نے سابق ایم این اے اور ان کے دو ملازمین کوگرفتار کر لیا۔ لیاقت عباسی بھٹی کا کہنا ہے کہ ان کے ملازمین نے لڑکی کو قیدی بنارکھا تھا، انھیں اس بات کا علم نہیں۔ لڑکی کے والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے خلاف قتل کے مقدمے کی پیروی کے لئے لیاقت عباس بھٹی سے چار لاکھ روپے ادھار لئے تھےجو اداکر دیئے ہیں مگر اس کے باوجود لیاقت بھٹی نےان کے بچوں کو قیدی بنا رکھا تھا۔

واضح رہے کہ لیاقت عباس بھٹی 2002 اور 2008 کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 103 حافظ آباد سے پاکستان مسلم لیگ(ق) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئےتھے۔
Load Next Story