حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11جون تک توسیع

لاہور ہائیکورٹ نے صاف پانی کمپنی میں حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواست نمٹادی


ویب ڈیسک June 03, 2019
لاہور ہائیکورٹ نے صاف پانی کمپنی میں حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواست نمٹادی فوٹو:فائل

لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11جون تک توسیع کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کی۔ حمزہ شہباز کی طرف سے اعظم نذیر تارڑ پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت عید کی تعطیل کے بعد تک ملتوی کر دی جائے۔

جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیے کہ دو ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا ہے، درخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں اتنا وقت نہیں دیا جاتا۔

عدالت نے 11 جون تک نیب کو حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع کردی اور صاف پانی کمپنی میں ان کی ضمانت کی درخواست نمٹا دی۔ نیب نے بیان دیا کہ حمزہ شہباز کو صاف پانی کمپنی میں گرفتار نہیں کرنا۔

بعدازاں حمزہ شہباز نے ساہیوال اسپتال میں بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو ہم نظر انداز نہیں ہونے دیں گے، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے تاکہ مثال قائم ہو، اس افسوس ناک واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔