WASHINGTON:
متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مہاجر ری پبلکن آرمی کا شوشہ محض الزام ہے یا اس کے ذریعے عوام کو یہ نئی لائن دی گئی ہے کہ آپ کی بچت اسی میں ہےکہ آپ مہاجرری پبلکن آرمی بنائیں۔
لندن سے جاری ایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اگردیانتدارانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کے نتیجے میں ایم کیو ایم پر مہاجرری پبلکن آرمی بنانے کا الزام ثابت ہوجائے تو بھرپورکارروائی کی جائے ورنہ یہ شوشہ چھوڑنے والے وزارت داخلہ کے حکام پر تعصب ونفرت پھیلانے اور محب وطن عوام کو سازش کے ذریعے بدنام کرنے کا مقدمہ چلایاجائے، وزارت داخلہ کے بعض لوگ مہاجرری پبلکن آرمی جیسے شوشے چھوڑ کرملک کو انتشارکی طرف لے جانے کی کوشش کررہے ہیں جو ملک کے مفاد میں نہیں، کہیں یہ شوشا اس لیے تو نہیں چھوڑا گیا کہ اس کی آڑ میں سندھ کے عوام کو کچلا جائے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدنے کہا کہ انصاف وجمہوریت کے قیام اور ملک میں امن وامان کے قیام کے لئے ارباب اختیاراوراداروں کو ہمارا غیرمشروط تعاون کل بھی حاضر تھا اور آج بھی ہے لیکن اگرکسی کے ذہن میں یہ خیال ہے کہ وہ جھوٹے الزامات لگاکر ایم کیوایم کو کچل دے گا تواس خیال پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے۔
الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ مہاجر ریپبلکن آرمی کے شوشے کے خلاف قومی وصوبائی اسمبلی اورسینیٹ کے ایوانوں میں آواز اٹھائی جائے اور آئینی وقانونی ماہرین سے مشاورت کرکے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیاجائے اورچیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری مہاجرری پبلکن آرمی کے شوشے اور اس کے پس پشت عوامل کی مکمل غیرجانبدارانہ طور پرتحقیقات کراکر حقائق پاکستان کی عوام کے سامنے لائیں۔