کوئٹہ ٹیکسی پر فائرنگ 3افراد جاں بحق4زخمی

گاڑی پراسپنی روڈ کلی مبارک کے قریب دوموٹرسائیکلوں پر سوار افراد نے فائرنگ کردی ، مشتعل افراد کا احتجاج


Numaindgan Express August 28, 2012
کوئٹہ:ایک پولیس اہلکار اس ٹیکسی کا جائزہ لے رہا ہے جس پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو ہلاک کردیا گیا (فوٹو:ایکسپریس)

کوئٹہ اور اندرون صوبہ ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں چار افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہوگئے ایک شخص کی نعش برآمد کرلی گئی پولیس نے دو مغویوں کو بازیاب کرالیا کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مشتعل افراد کا شدید احتجاج مغربی بائی پاس پر روڈبلاک کرکے ٹریفک معطل کردی پولیس کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈپر ایک گاڑی میں سوار افراد ہزارہ ٹائون سے مری آباد کی طرف جارہے تھے ان کی گاڑی جونہی اسپنی روڈ کلی مبارک کے قریب پہنچی تو دوموٹرسائیکلوں پر سوار افراد نے دونوں اطراف سے گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے گاڑی میں موجود محمد علی، حبیب اﷲ اور مصطفی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

جبکہ امیر،رضا حسین، حسین علی کے علاوہ ایک راہ گیر بچہ حکمت اﷲ زخمی ہوگئے واقعے کے خلاف مشتعل افراد مغربی بائی پاس پر جمع ہوگئے اور سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ہر قسم کی ٹریفک معطل کردی جس سے دونوں اطراف سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں مظاہرین ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، طویل احتجاج کے بعد پولیس وانتظامی حکام اور ہزارہ قبیلے کے معتبرین کی مداخلت کے بعد احتجاج ختم کردیاگیا پشین سے نمائندے کے مطابق بند خوشدل خان روڈ پر بٹے زئی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے موٹرسائیکل سوار حیدر زمان کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے قلات سے تین روز قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان محمد ذکریاکی لاش سنگھ داس کے مقام سے انتظامیہ کو ملی ہے۔

جسے ضروری کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا شیرانی کے علاقے زڑہ قلعہ میں دوگروہوں کے درمیان تصادم میں خاتون سمیت دس افراد زخمی ہوگئے،ڈیرہ مرادجمالی سے نمائندے کے مطابق پولیس نے چھ روز قبل اغوا کیے جانے والے دو افراد محمد اکبر پرکانی اور منظورا حمدجکھرانی کو بازیاب کرالیاتاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں