چیمپئنز لیگ فیصل آباد کا فیصلہ بھارتی حکومت کریگی

پاکستانی سائیڈ فیصل آباد وولفز بھی شامل مگر شرکت کا فیصلہ بھارتی حکومت کرے گی۔


Sports Desk August 31, 2013
شریک ٹیموں میں مشروط شمولیت، سہیل تنویرجنوبی افریقی سائیڈ کی نمائندگی کرینگے۔ فوٹو: فائل

ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ میں حصہ لینے والی ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا، فہرست میں پاکستانی سائیڈ فیصل آباد وولفز بھی شامل مگر شرکت کا فیصلہ بھارتی حکومت کرے گی، سہیل تنویر جنوبی افریقی سائیڈ ہائی ویلڈ لائنز میں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز لیگ میں شرکت کرنے والے اسکواڈز کا گذشتہ روز اعلان ہو گیا، اس میں مصباح الحق کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم فیصل آباد وولفز بھی موجود ہے،پریس ریلیز کے اختتام پر تمام ٹیموں کی شرکت بھارتی حکومتی اجازت سے مشروط ظاہر کی گئی، واضح طور پر اشارہ فیصل آباد کی جانب ہی تھا، پاک بھارت کشیدہ تعلقات نے ٹیم کے سرحد پار کرنے پر سوالیہ نشان لگایا ہوا ہے، ایونٹ17ستمبر سے 6 اکتوبر تک ہونا ہے۔ 6ملین ڈالر انعامی رقم کی حامل چیمپئن شپ میں دنیا کی بہترین ڈومیسٹک ٹیموں کے درمیان 29میچز کھیلے جائیں گے،17سے20ستمبر تک شیڈول کوالیفائرز میںاوٹاگو وولٹس (نیوزی لینڈ)، سن رائزرز حیدرآباد (بھارت)، کنڈورتا مارونز (سری لنکا) اور فیصل آباد وولفز (پاکستان) کو حصہ لینا ہے، چاروں ٹیمیں حریفوں سے ایک بار سامنا کریں گی۔



ابتدائی 2 کو مین رائونڈ میں جگہ مل جائے گی۔ فیصل آباد وولفز میں مصباح ، آصف علی، علی وقاص، خرم شہزاد، محمد سلمان، وقاص مقصود، سمیع اﷲ خان، اسد علی، سعید اجمل، احسان عادل، حسن محمود، جہانداد خان، فرخ شہزاد، عمران خان اور عمار محمود شامل ہیں۔ پاکستانی پیسر سہیل تنویر جنوبی افریقی سائیڈ ہائی ویلڈ لائنز کی نمائندگی کریں گے۔ ایک سے زائد ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کو خود کسی سائیڈ کا انتخاب کرنے کو کہا گیا تھا، سری لنکن بورڈ کے دبائو کا شکار سنگاکارا کے سوا ایسے کسی پلیئر نے اپنی ہوم ٹیم کو ترجیح نہیں دی۔ اعلان شدہ کھلاڑیوں میں ریٹائرڈ بھارتی اسٹارز سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔