ججز کے خلاف ریفرنس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں قرار داد منظور کرلی

جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس فوری واپس لیا جائے،اسلام آباد بار کونسل

محلاتی سازشیں عدلیہ کی آزادی پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہیں، اسلام آباد بار کونسل فوٹو: فائل

بار کونسل نے اعلی عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں قرار داد منظور کرلی ہے۔

اعلی عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر غور کے لیے اسلام آباد بار کونسل کا اجلاس ہوا جس میں صدر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار چوہدری خانزادہ، جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ، وائس چیئرمین ہارون رشید، صدر ہائی کورٹ بار راجا انعام امین منہاس سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


اجلاس کے دوران اسلام آباد بار کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں قرارداد منظور کرلی، جس میں کہا گیا ہے کہ معزز ججز کے خلاف ریفرنسز دائر کرکے انہیں دباوٴ میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، حکومت اس طرح کے ریفرنسز بھیجنے سے گریز کرے، محلاتی سازشیں عدلیہ کی آزادی پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ 8 اور 9 جون کو پاکستان بارکونسل کے اجلاس میں بھرپور شرکت کی جائے گی، ایسا لائحہ عمل بنایا جائے گا کہ آئندہ آزاد عدلیہ پر کوئی اثر انداز نہ ہو۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس فوری واپس لیا جائے۔
Load Next Story