ٹاسک فورس کا چھاپہ رہائشی سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر گیس کی چوری پکڑی گئی

سوسائٹی میں8 انچ قطر کی چوری کی لائن سے گیس فراہم کی جا رہی تھی.


Staff Reporter August 31, 2013
ایف آئی اے کی ٹاسک فورس نے ٹھیکیدار اور سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی کے عہدیدار سید سعادت کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ فوٹو: فائل

سوئی گیس اور تیل کی چوری کی روک تھام کیلیے کراچی میں بنائی گئی ایف آئی اے کی خصوصی ٹاسک فورس نے سو گھروں پر مشتمل رہائشی سوسائٹی میں گیس کی چوری پکڑ لی۔

سوسائٹی میں8 انچ قطر کی چوری کی لائن سے گیس فراہم کی جا رہی تھی، دوافراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عدیل چانڈیو کی سربراہی میں کام کرنے والی ایف آئی اے کی ٹاسک فورس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ گلشن معمار میں واقع الحبیب سوسائٹی کے سو سے زائد گھروں کو چوری کی گیس پر چلایا جارہا ہے جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران اور اہلکار ملوث ہیں۔



اس سلسلے میں ایف آئی اے اہلکاروں نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور علاقہ پولیس کے ہمراہ الحبیب سوسائٹی پر جمعہ کو چھاپہ مارا تو انکشاف ہوا کہ سوسائٹی میں واقع سو سے زائد گھروں کو سوئی سدرن گیس کمپنی کی مین لائن سے8انچ کا چوری کاکنکشن6ماہ قبل فراہم کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں ٹھیکیدار کمپنی کے ٹھیکیدار نے اہم کردار ادا کیا، چوری کے کنکشن کیلیے سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی نے ٹھیکیدار اور سوئی سدرن گیس کے متعلقہ افسران کو رشوت کی ادائیگی کیلیے فی گھر22 ہزار روپے وصول کیے تھے، ایف آئی اے کی ٹاسک فورس نے ٹھیکیدار اور سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی کے عہدیدار سید سعادت کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

چھاپے کی براہ راست نگرانی کرنے والے انسپکٹر شہباز شاہ نے بتایا کہ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، انھوں نے بتایا کہ ملزمان کی مدد کرنے والے سوئی سدرن گیس کمپنی کے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں