افغان شہریوں کو پاکستانی دستاویزات پر بیرون ملک بھجوائے جانے کا امکان

کوئٹہ سے 80ہزار میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کیا،کراچی میں ساڑھے 6ہزارڈالر دیکر ملائشیا چلا گیا،افغان شہری علی


Staff Reporter August 28, 2012
کوئٹہ سے 80ہزار میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کیا،کراچی میں ساڑھے 6ہزارڈالر دیکر ملائشیا چلا گیا،افغان شہری، غلام علی ، فوٹو : فائل

افغان شہریوں کو جعل سازی سے پاکستانی شہریت اور سفری دستاویزات کی مدد سے بڑی تعداد میں بیرون ملک بھجوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ایف آئی اے نے انسانی اسمگلر عمران کاظمی اور اس کے گروہ کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے ایس ایچ او منیر شاہ نے افغانستان کے صوبے غزنی سے تعلق رکھنے والے شخص غلام علی کے خلاف پاکستان کی جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک سفر کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے،

دوران تفتیش غلام علی نے انکشاف کیا کہ اس نے ہزارہ ٹائون کوئٹہ کے ایک ایجنٹ سید عباس کی مدد سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کیا اور اس کے عوض اس نے سید عباس کو 80 ہزار روپے ادا کیے، جس کے بعد وہ کراچی آگیا اور کراچی سے تعلق رکھنے والے انسانی اسمگلر عمران کاظمی نے براستہ سری لنکا، ملائشیا اسے آسٹریلیا بھجوانے کے 7 ہزار امریکی ڈالر مانگے تاہم ساڑھے 6 ہزار ڈالر میں معاملہ طے ہوا، اس سلسلے میں اسے سری لنکا میں رہائش کا اجازت نامہ اور ملائشیا کا ویزا فراہم کیا، سری لنکا سے جب وہ ملائشیا پہنچا تو وہاں کا امیگریشن ویزا جعلی ہونے کی وجہ سے اسے ڈی پورٹ کرکے سری لنکا بھیج دیا گیا۔

جہاں وہ تین ماہ تک جیل میں رہا، ایجنٹ عمران کاظمی نے اسے پاکستان واپسی کا ٹکٹ بھیج کر کراچی بلوایا جہاں امیگریشن حکام نے پاکستانی شہریت مشکوک ہونے کی بنیاد پر اسے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کیا، ایف آئی اے حکام نے ایجنٹ عمران کاظمی اور اس کے گروہ کی گرفتاری کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں،ایف آئی اے ذرائع کے مطابق انسانی اسمگلر عمران کاظمی کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران کاظمی کی گرفتاری سے ہی گروہ کے دیگر اراکین کی گرفتاری بھی ممکن ہوسکے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں