عید الفطر پر کیک اورمٹھائیوں کی خریداری بیکریوں پر رش

شہریوں نے گلاب جامن،چم چم، رس ملائی ،مکس مٹھائی ،ڈائٹ فری مٹھائی ،حلوہ جات اورنمکوکی زیادہ خریداری کی

گاہکوں کارش عید سے ایک روز قبل ہی شروع ہو جاتا ہے جوعیدکے تینوں دنوں تک جاری رہتا ہے، دکانداروں کی گفت گو۔ فوٹو : ایکسپریس

میٹھی عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے کیک اور مٹھائیوں کی خریداری عروج پرپہنچ گئی۔

شہر میں مٹھائی کی فروخت کے چھوٹے بڑے مراکز سے شہریوں کی بڑی تعداد نے عید سے ایک روز قبل ہی مختلف قسم کی مٹھائیوں اورکیک کی خریداری شروع کردی،ہر سال کی طرح امسال بھی عیدکے لیے آرڈرز پر خصوصی کیک بھی تیار کیے گئے۔

گھروں میں عید کے خصوصی میٹھے پکوان، شیرخورمہ، میٹھی سویاں ، کھیر، فرنی اور شاہی ٹکروں کی تیاری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ گرمی کی وجہ سے آئس کریم،مشروبات اور ڈبہ بند جوس کی خریداری میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

مٹھائیوں کے مقابلے میں کیک کی ڈیمانڈ زیادہ ہے کیک بچے اور بڑے ہر عمر کے افراد پسند کرتے ہیں اور مٹھائیوں کے مقابلے میں کیک میں کیلوریز بھی کم ہوتی ہیں، عیدالفطر کو میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ عید الفطر کے موقع پر میٹھے ذائقوں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔

عید پر سب سے زیادہ گلاب جامن اور چم چم ، رس ملائی کے علاوہ مکس مٹھائیاں اور حلوہ جات فروخت کیے جاتے ہیں، عید کی خوشیوں میں خاندان کے تمام افراد کو شریک کرنے کے لیے بزرگوں، مٹھائی سے پرہیز کرنے والے افراد اور شوگر کے مریضوں کے لیے بھی خصوصی طور پر ڈائٹ یا شوگر فری مٹھائیاں تیار کی جاتی ہیں۔

بڑی بیکریوں پرعیدکے لیے خصوصی کیک تیارکیے جاتے ہیں


شہر میں قائم بڑی بیکریوں پر عید کے لیے خصوصی طور پر کیک تیار کیے جاتے ہیں جن میں زیادہ تر پائن ایپل آئس کریم کیک، چاکلیکٹ کیک، کرنچ، پستہ اور دیگر ذائقوں کے کیک زیادہ فروخت ہوتے ہیں،کیک کی دکانوں پر خریداروں کا رش چاند رات سے لیکر عید کے تینوں دنوں اور عید والے ہفتے کے اختتام تک جاری رہتا ہے۔

شیر خورمے کی تیاری کے لیے سنویوں اور میوہ جات کی خریداری بھی عید کی رونقوں اور روایت کا حصہ ہے جو زیادہ تر رمضان کے آخری ہفتے میں چاند رات تک خریدے جاتے ہیں اور سنویاں فروخت کرنے کیلیے عام دکانوں کے علاوہ عارضی اسٹالز بھی چاند رات کو دیر تک کھلے رہتے ہیں۔

مہمانوں کی تواضع مٹھائیوں، کیک، آئس کریم اورشیرخورمے سے کی جاتی ہے

عید ملنے کے لیے رشتے داروں اور دوست احباب کے گھر جانے والے افراد اپنے ساتھ روایت کے طور پرمٹھائی یاکیک لے جاتے ہیں، اسی طرح گھروں پر آنے والے مہمانوںکی تواضع بھی مٹھائیوں، کیک، آئس کریم، سیویوں، شیرخورمے سے کی جاتی ہے۔

عیدکے لیے مٹھائیوں کی تیاری چند روز قبل ہی شروع کردی جاتی ہے، عیدکے دنوں میں طلب پوری کرنے کے لیے کاریگر دن رات محنت کرکے مٹھائیاں تیار کرتے ہیں،چینی اور مٹھائیوں سے اجتناب اور مٹھائیوں کی بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے ہر سال کیک کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے۔

 
Load Next Story