خوب آرام کے بعد ’’کماؤپوت‘‘ بھارت کی مہم کا آج آغاز

آئی پی ایل کی تھکن اتارنے کے بعد پلیئرز ساؤتھمپٹن میں جنوبی افریقہ سے نبردآزما


Sports Desk June 05, 2019
نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کا مقابلہ،ٹائیگرز ایک اور حیران کن کامیابی کیلیے پُرامید۔ فوٹو:فائل

ورلڈ کپ میں کئی ٹیمیں 2،2 میچز میں کھیل چکیں اور اب خوب آرام کے بعد''کماؤپوت'' بھارت کی مہم کا بدھ کو آغاز ہوگا۔

اپنے ملک میں مسلسل آئی پی ایل کھیلنے کے بعد انگلینڈ آنے والی بھارتی ٹیم کو ورلڈ کپ کا شیڈول بنانے والوں کی مہربانی سے آرام کا مکمل موقع فراہم کیا گیا، اب ایونٹ کے ساتویں روز ویرات کوہلی الیون میدان سنبھالے گی، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے مدمقابل جنوبی افریقی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ کھیلے گی، اسے ابتدائی2 میچز میں بالترتیب انگلینڈ اور بنگلہ دیش سے شکست ہوچکی۔

بلو شرٹس کو ایونٹ کی متوازن ترین ٹیموں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے، ہمیشہ کی طرح مضبوط بیٹنگ لائن اس کی قوت اور بولنگ اٹیک بھی کافی بہتر ہوچکا ہے، ٹیم شاندار آغاز کیلیے پُراعتماد ہے۔ دوسری جانب پروٹیزکو فٹنس مسائل کا سامنا ہے، اگرچہ اوپنر ہاشم آملا میدان میں اترنے کیلیے فٹ قرار دیے جا چکے تاہم فاسٹ بولر لونگی نگیڈی ہیمسٹرنگ کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے، ڈیل اسٹین ایونٹ سے ہی باہر ہوچکے ہیں، ٹیم کیلیے ناکامیوں کی دلدل سے باہر آنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

موسم ابر آلود اور ہلکی بارش کی پیشگوئی موجود ہے، وکٹ بیٹنگ کیلیے موزوں قرار دی جا رہی ہے۔

ادھر اوول لندن میں بلند حوصلہ بنگلہ دیش کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا، دونوں ہی ٹیمیں اپنا پہلا میچ جیت چکی ہیں، کیویز نے آئی لینڈرز کو زیر کیا تھا، اب دونوں کی نگاہیں اپنے پوائنٹس کو ڈبل کرنے پر مرکوز ہیں، بادل چھائے رہیں گے جس سے بولرز کو مدد مل سکتی ہے،پچ بیٹسمینوں کیلیے سازگار ہوگی، بارش کا امکان بہت کم ظاہر کیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں