کراچی کے الہ دین پارک میں نالے میں گرکر ایک بچہ جاں بحق

حمزہ فٹ بال اٹھانے نالے پر رکھی ٹین کی چادروں پر چڑھا تو بوسیدہ چادر ٹوٹ گئی

حمزہ فٹ بال اٹھانے نالے پر رکھی ٹین کی چادروں پر چڑھا تو بوسیدہ چادر ٹوٹ گئی فوٹو:نمائندہ ایکسپریس

گلشن اقبال الہ دین پارک میں اہلخانہ کے ساتھ تفریح کے لیے آنے والا بچہ نالے میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔

گلشن اقبال راشد منہاس روڈ پر الہ دین پارک کے نالے میں گر کر 8 سالہ بچہ حمزہ جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے گلستان جوہر میں نجی اسپتال لائی گئی جہاں بچے کی شناخت حمزہ ولد نذیر احمد کے نام سے کی گئی۔ متوفی بچہ فیڈرل بی ایریا بلاک 12 میں محمدی کالونی کا رہائشی تھا اور اس کی ماں گھروں میں کام کرکے اپنے 5 بچوں کا پیٹ پالتی ہے۔ وہ لوگ عید الفطر کے دوسرے روز رات کو بچوں کو لے کر تفریح کے لیے الہ دین پارک آئے تھے۔


حمزہ اپنے کزن عثمان ولد الطاف حسین کے ہمراہ فٹ بال کھیل رہا تھا کہ ان کی فٹبال ایک طرف پڑی ٹین کی چادروں پر جاگری۔ حمزہ فٹ بال اٹھانے جب ان چادروں پر چڑھا تو بوسیدہ چادر ٹوٹ گئی اور وہ نیچے نالے میں جا گرا۔

رشتے داروں نے اسے بچانے کے لیے نالے میں چھلانگ لگادی اور باہر نکالا تو اس کی سانس نہیں آرہی تھی جس پر اسے فوری طور پر دارلصحت اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا تاہم اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کرادیا۔
Load Next Story