افغان صوبہ قندھار میں بینک کے باہرخودکش حملہ 6 افراد ہلاک 20 زخمی

حملہ اس وقت کیا گیا جب لوگوں کی بڑی تعداد اپنی تنخواہوں کے حصول کیلئے بینک کے باہر جمع تھی، ترجمان صوبائی حکومت

دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں 7 پولیس افسران بھی شامل ہیں، قندھار پولیس

ISLAMABAD:
افغانستان کے صوبہ قندھار میں بینک کے باہر خودکش حملے میں 6 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ۔

قندھار کی صوبائی حکومت کے ترجمان نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آوور نے قندھار شہر میں قائم نیوکابل بینک کی ایک شاخ کے باہر اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب لوگوں کی بڑی تعداد اپنی تنخواہوں کے حصول کے لیے جمع تھی، حملے میں 6 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے جنہیں مقامی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ قندھار پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں 7 پولیس افسران بھی شامل ہیں۔


دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم افغان حکام کی جانب سے اس قسم کے حملوں کے پیچھے طالبان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ ہلمند کے ضلع سانگن میں سڑک کنارے نصب بم سے گاڑی ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
Load Next Story