غداریوں کے سرٹیفکیٹ بانٹنا درست نہیں قمر زمان کائرہ

بلاول بھٹو زرداری کو الزامات لگا کر سیاست سے آؤٹ نہیں کیا جاسکتا، رہنما پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک June 07, 2019
حکومت ہر معاملے میں یو ٹرن لیتے ہوئے لوگوں کی زندگیوں میں تلخیاں نہ بھرے، قمر زمان کائرہ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنا چاہیے اور غداریوں کے سرٹیفکیٹ بانٹنا درست نہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو الزامات لگا کر سیاست سے آؤٹ نہیں کیا جاسکتا، ہم مل کر چلنے کی بات کرتے ہیں تو یہ کہتے ہیں این آر او مانگ رہے ہیں، بار بار کہہ رہے ہیں دھرنا ہماری چوائس نہیں، بلاول بھٹو زرداری نے پہلے ہی روز عمران خان کو کہا کہ قدم بڑھاو ہم تمھارے ساتھ ہیں، ہم چارٹر آف معیشت کرنا چاہتے تھے لیکن تعاون نہ کیا گیا، ہمارے ہاتھ کو جھٹک دیا گیا اور کہا گیا کہ ہم این آر او مانگ رہے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت ہر معاملے میں یو ٹرن لیتے ہوئے لوگوں کی زندگیوں میں تلخیاں نہ بھرے۔ ہم حکومت گرانا نہیں چاہتے لیکن رویہ درست کیا جائے، حکومت کا رویہ درست نہیں اس لئے احتجاج کا فیصلہ ہوا، جب عوام پر مہنگائی کی بجلیاں گرائی گئیں تو ہمیں باہرنکلنا پڑا، بجٹ آرہا ہے اور اس میں مزید بجلیاں گریں گی، شہباز شریف اپوزیشن کی قیادت کریں گے۔ حکومت مخالف تحریک کیا رخ اختیار کرتی ہے وقت بتائے گا۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنا چاہیے، غداریوں کے سرٹیفکیٹ بانٹنا درست نہیں، نمائندےعوام کے ووٹ سے ایوان میں آئے ہیں، 6 دن پہلے محسن داوڑ ہیرو تھا، جب فاٹا کی نشستوں پر بل آیا تو سب نے اسے منظور کرایا، اب ان پر غیر ملکی ایجنسیوں سے فنڈنگ کا الزام ہے۔ محسن داوڑ پر الزامات ہیں تو عدالتی ٹرائل کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں