ورلڈکپ انگلینڈ نے بنگلادیش کو با آسانی شکست دیدی

انگلینڈ کے 387 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 280 رنز پر ڈھیر ہوگئی

بنگلادیش کی پوری ٹیم 280 رنز پر ڈھیر ہوگئی، فوٹو: فائل

KARACHI:
کرکٹ ورلڈکپ کے بارھویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلادیش کو 106 رنز سے شکست دے دی۔

کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں ہوم ٹیم کے 387 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 280 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آل راؤنڈر شکیب الحسن کے 121 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آئے ، ان کے سوا کوئی بیٹسمین بڑی اننگز نہ کھیل سکا، تمیم اقبال 21، سومیا سرکار 2، مشفق الرحیم 44، محمد متھن صفر اور محمد اللہ 28 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ مصدق حسین 26، محمد سیف الدین 5، حسن معراج 12،مستفیز الرحمان صفر اور مشرفی مرتضیٰ نے 4 رنز کی باری کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے آرچر اور بین اسٹوکس نے 3،3 جب کہ ووڈ نے 2، پلنکٹ اور عبدالرشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بنگلادیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ انگلش ٹیم کی جانب سے جونی برسٹو اور جیسن روئے نے ٹیم کو 128 رنز کا زبردست آغاز فراہم کیا اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، برسٹو 51 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور جوئے روٹ 28 رنز ہی بناسکے۔


جیسن روئے نے گراؤنڈ کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس کھیلے اور 5 چھکوں ، 14 چوکوں کی مدد سے 153 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑا ٹوٹل فراہم کرنے میں مدد کی جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر نے بھی 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کپتان اون مورگن 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور مہدی حسن نے 2،2 جب کہ مشرفی مرتضیٰ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

 
Load Next Story