ساف فٹبال پاک بھارت ٹیمیں آج پنجہ آزمائی کریں گی

بھارتی سائیڈفیورٹ ہے مگر مغربی کلبزکی نمائندگی کرنے والے5 پلیئرز کی موجودگی میں گرین شرٹس بھی پُرعزم ہے۔


Sports Desk September 01, 2013
روایتی حریفوں کے مابین اب تک21انٹرنیشنل مقابلے ہوچکے، ان میں سے بھارت نے6 اور پاکستان نے3 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ فوٹو: فائل

10ویں ساف فٹبال چیمپئن شپ کا کھٹمنڈو میں آغاز ہوگیا، افتتاحی مقابلے میں میزبان نیپال نے بنگلہ دیش کو شکست دیدی، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیںاتوار کو پنجہ آزمائی کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کا 10 واں ایڈیشن نیپال کے دارلحکومت کھٹمنڈو میں شروع ہوا، افتتاحی مقابلے میں میزبان ٹیم نے بنگلہ دیش کو زیر کرلیا، آغاز میں ہی نیپالی کھلاڑی حریف سائیڈ پر حاوی نظر آئے، 18 ویں منٹ میں فارورڈ انیل گورنگ نے انفرادی کوشش سے گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلادی،31 ویں منٹ میں بھرت خواس نے اسکور 2-0 کردیا، پہلے ہاف کا اسی پر اختتام پذیر ہوا، وقفے کے بعد مہمان کھلاڑیوں نے میچ میں واپسی کیلیے بہت کوشش کی مگر حریف دفاعی پلیئرز دیوار بنے رہے، دوسرے ہاف میں کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی اور میزبان ٹیم فاتحانہ آغاز کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار کو پنجہ آزمائی کریں گی،6 بارٹائٹل پر قبضہ جمانے والی بھارتی سائیڈکو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے مگر مغربی کلبزکی نمائندگی کرنے والے5 پلیئرز کی موجودگی میں گرین شرٹس بھی عمدہ کارکردگی کیلیے پُرعزم ہے، سینئر کھلاڑی کلیم اللہ نے کہاکہ اس بار پاکستان کے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہو گا، ہمیں دفاع میں ذیشان رحمان اور مڈفیلڈ میں عدنان بشیر جیسے بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہے، ہماری کوشش ہے کہ بھارت کو زیر کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کریں۔



انھوں نے کہا کہ گذشتہ کچھ عرصے سے مواقع کو کارآمد نہ بنانا سب سے بڑی خامی ہے ، نئے ہیڈ کوچ محمد شاملان اور کوچ شہزاد انور نے ایک ہفتے قبل نیپال آکر اسی کمزوری کو دور کرنے کی کوشش کی۔ دوسری طرف بھارتی کپتان سنیل چیتری کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر چیمپئن بننے کا عزم لیے یہاں آئے ہیں،کوشش ہوگی کہ ہر میچ بڑے مارجن سے جیت کر مسلسل تیسری بار ٹائٹل پر قبضہ جمائیں، انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل جو گذشتہ کئی برسوں سے اکٹھے کھیل رہے ہیں، میچ چاہے پاکستان یا کسی اور ٹیم سے ہو ہم جارحانہ انداز اپنائیں گے، ہمارا مقصد اعزاز کا دفاع اور اس کے راستے میں آنے والی ہر دیوار کو گرانے کیلیے پُرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ روایتی حریفوں کے مابین اب تک21انٹرنیشنل مقابلے ہوچکے، ان میں سے بھارت نے6 اور پاکستان نے3 میں کامیابی حاصل کی،12میچز برابری پر اختتام پذیر ہوئے،آخری 5 مقابلوں میں بھی بلو شرٹس کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے، اس نے 3 کامیابیاں حاصل کیں جبکہ گرین شرٹس صرف ایک بار سرخرو ہوئے،ایک مقابلہ ڈرا رہا، دونوں ٹیموں کے مابین ساف فٹبال چیمپئن شپ میں اب تک6 میچز کھیلے جا چکے، پاکستان صرف ایک بار 2003 کے ایونٹ میں 1-0 سے کامیابی حاصل کرسکا،1997 میں بھارت نے سیمی فائنل میں اسے2گول سے زیر کیا تھا، آخری بار روایتی حریفوں کا چیمپئن شپ میں 2008 میں سامنا ہوا جس میں بلو شرٹس ایک کے مقابلے میں 2گول سے کامیاب رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں