نوجوان کرکٹرز نے قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھا دیا

آسٹریلیا کیخلاف بدھ کو دل بڑا کرکے کھیلنا ہوگا، فیلڈنگ بھی بہتر بنانے کا مشورہ


Sports Reporter June 09, 2019
آسٹریلیا کیخلاف بدھ کو دل بڑا کرکے کھیلنا ہوگا، فیلڈنگ بھی بہتر بنانے کا مشورہ۔ فوٹو: پی سی بی

نوجوان کرکٹرز نے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم کا حوصلہ بڑھا دیا۔

ورلڈ کپ کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں،پاکستانی ٹیم کا اگلا ٹاکر دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے ساتھ 12جولائی کو ہوگا۔سابق ٹیسٹ کرکٹرز جہاں اس اہم میچ کے حوالے سے قومی ٹیم کو اپنے مفید مشورے دے رہے ہیں وہاں لاہور بھر کے کرکٹ کلبوں کے کھلاڑیوں نے بھی سرفراز الیون کو خصوصی ٹپس سے نوازا ہے۔

پلیئرزکے مطابق گرین شرٹس اس خوف کو اپنے دل سے نکال دیں کہ وہ کسی سے کمتر ہیں، دل بڑا کریں اور آسٹریلیا سمیت ہر ٹیم کا بہادری سے مقابلہ کریں، کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ہمارے بیٹسمینوں نے غیر ضروری شاٹس کھیل کروکٹیں گنوائیں، ورلڈ کپ کے آئندہ میچزمیں پاکستانی کھلاڑیوں کو اس خامی پر قابو پانا ہوگا۔

نوجوان پلیئرز کے مطابق پاکستانی ٹیم کا فیلڈنگ کا شعبہ بھی خاصا کمزور رہا ہے، میچز کے اہم مواقعوں پر فیلڈرز کی طرف سے کیچز چھوڑ نے کی روایت برقرار رہی، آئندہ میچز میں پاکستانی کھلاڑیوں کوکیچز چھوڑنے سے اجتناب کرنا ہوگا۔

نوجوان کرکٹرزکا مزیدکہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف کھیلنے والی ٹیم میں سے میچ کسی ایک کھلاڑی کو ڈراپ کرکے عماد وسیم کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنانا چاہیے۔

ادھر آسٹریلیا کے خلاف میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کے لیے گرین شرٹس نے بھر پور ٹریننگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، کپتان سرفراز احمد بھی کینگروز کا ہر طرح کا مقابلے کرنے کے لیے تیار ہیں، کینگروز سے پاکستان ٹیم کا مقابلہ 12 جون کو ٹاؤنٹن میں ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں