محکمہ تعلیم سندھ کا 300 ماڈل اسکول قائم کرنے کا فیصلہ

ماڈل اسکول میں جدید لیبارٹریز، کمپیوٹر لیب، سولر لائٹس سمیت دیگر تمام سہولتیں میسر ہوں گی۔


صبا ناز June 09, 2019
ہر تحصیل میں لڑکیوں اور لڑکوں کیلیے ایک ایک اسکول بنایا جائیگا۔ فوٹو : فائل

محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھرمیں300 ماڈل اسکول قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پرائمری اورہائی اسکولز کو ملا کر نئے ماڈل اسکول قائم کیے جائیں گے۔

صوبہ میں تعلیم کی بہتری اورادھوری تعلیم چھوڑنے والے بچوں کو میٹرک تک تعلیم فراہم کرنے کے لیے محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے 300 ماڈل اسکول قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، ہر تحصیل میں 2 اسکول بنائیں جائیں گے جس میں ارلی چائلڈ ایجوکیشن (ابتدائی ) سے لے کر میٹرک تک تعلیم دی جائے گی۔

صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائمری اسکول کو اپ گریڈ کرکے ایلیمنٹری اور ہائی اسکول کادرجہ دیںگے تاکہ وہ طلبہ وطالبات جو پانچویںکے بعد جوڈراپ آؤٹ ہوجاتے ہیںان کی تعلیم کاسلسلہ مستقل کیاجاسکے اوربچے اپنی تعلیم کو جاری رکھتے ہوئے میٹرک تک پہنچ جائیں۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت صوبے بھر میں 90 فیصد اسکول پرائمری ہیں اور فقط 10 فیصد اسکول ایسے ہیں جو پوسٹ پرائمری ہیں، اسی لیے ہم 300 ماڈل اسکول بنانے جارہے ہیں جوسندھ بھر میں کل 138 تحصیل ہیڈ کوارٹر میں قائم ہوں گے ،ہر تحصیل میں ایک اسکول لڑکیوں اور ایک لڑکوں کے لیے مختص ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ 138 تحصیل میں 276 اسکول تعمیر کیے جائیں گے باقی 24 اسکول بڑے شہروں کراچی، حیدر آباد، سکھر ،لاڑکانہ میں ضرورت کے مطابق بنائیں جائیں گے اس کے بعد اب تک جتنے انگلش کمپری ہینسو اسکول تعمیر ہو چکے ہیں،اگلے تعلیمی سال میں وہ اسکول بھی کھول دیے جائیں گے، 300 ماڈل اسکولوں کے لیے علیحدہ ڈائریکٹریٹ قائم کیا جائے گا جس میں ایک ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کیے جائیں گے۔

وزیر تعلیم کا مزیدکہنا تھاکہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ ہم میوزک اورآرٹس کا ٹیچراسکولوں میں تعینات کریںگے تاکہ ان اسکولوں میں پڑھنے والے آرٹسٹک بچوں کی صلاحتیوں کو بھی نکھارا جاسکے، ان اسکولوں کے لیے ایک الگ سے ڈائریکٹریٹ قائم کیا جائے گا جس کی باقاعدہ پوسٹوں پر کام جاری ہے لیکن عملے کی تقرری ڈائریکٹوریٹ کی اسکول کے حوالے سے ہی ہوگی، پہلے مرحلے میں کچھ اچھے اسکول کا ماڈل بناکر شوکیس کریں گے پھر اس عمل کو آگے لے کر چلیں اور آئندہ چند سالوں میں ہزاروں ایسے اسکول ہوں جنھیں ہم اچھے ماڈل اسکول کہہ سکیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔