ملتان میں فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق حملہ آور کی بھی خودکشی

رشتے کے تنازعے پر عتیق نامی شخص نے گھر میں گھس کر چاروں افراد کو قتل کیا، پولیس


ویب ڈیسک June 09, 2019
5 روز کے دوران جلالپور پیروالہ میں 16 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں فوٹو: فائل

جلال پور پیر والہ میں رشتے کے تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ حملہ آور نے بھی موقع پر ہی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان کے نواحی علاقے جلال پور پیر والہ کی اسلام پور کالونی میں عتیق نامی شخص نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہوگئے، فائرنگ کے بعد عتیق نے موقع پر ہی خودکشی کرلی۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں مزید ایک زخمی خاتون دم توڑ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں رفیق، اس کی بیوی نسیم بی بی، بیٹا آصف اور 10 سالہ بیٹی ثنا بی بی شامل ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعے کی وجہ رشتے کا تنازع ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ 5 روز کے دوران جلالپور پیروالہ میں 2 مختلف واقعات میں 16 افراد فائرنگ میں جاں بحق ہوچکے ہیں، عید کے روز بھی دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 11 افراد قتل ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔