فرنچ اوپن نڈال نے 12ویں ٹرافی جیت کر تاریخ رقم کردی

یہ ان کے کیریئر کا 18واں گرینڈ سلم ٹائٹل رہا

یہ ان کے کیریئر کا 18واں گرینڈ سلم ٹائٹل رہا۔ فوٹو : فائل

رافیل نڈال نے12ویں بار فرنچ اوپن ٹرافی جیت کر تاریخ رقم کردی، یہ ان کے کیریئر کا 18واں گرینڈ سلم ٹائٹل رہا، انھوں نے مینز سنگلز کے فیصلہ کن معرکے میں آسٹرین حریف ڈومنیک تھیم کو 6-3،5-7 ،6-1 اور6-1 سے شکست دی۔


33 سالہ اسپینش اسٹار کسی بھی ایک گرینڈسلم ایونٹ کو 12ویں بار جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بنے، ان سے قبل کوئی بھی خاتون اور مرد کھلاڑی یہ کارنامہ انجام نہیں دے پایا ہے، تھیم 2018 کی طرح اس بار بھی نڈال کے بڑھتے طوفان کو روکنے میں ناکام رہے، نڈال کو اب فیڈرر کے آل ٹائم 20 گرینڈ سلم فتوحات کا ریکارڈ برابر کرنے کیلیے مزید دو ٹرافیاں درکار ہوں گی۔

اسپینش پلیئر نے سیمی فائنل میں دیرینہ حریف راجرفیڈرر کو ٹھکانے لگایا تھا جبکہ تھیم نے ورلڈ نمبرون نووک جوکووک کی کہانی ختم کی تھی، ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر فائز نڈال نے پیرس میں اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر کرلیا ، وہ یہاں مجموعی طور پر 93 میچز جیتنے میں کامیاب ہوئے اور محض دو بار انھیں رولینڈ گیروس ایونٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، نڈال نے یہاں پر اس سے قبل 2005 سے 2008 تک لگاتار 4 بار چیمپئن بننے کا اعزاز پایا، اسی طرح 2010 سے 2014 تک بھی ٹرافی پر ان کا راج رہا اور اب 2017،2018 اور2019 میں وہ بھی فاتح بننے میں کامیاب ہوگئے۔
Load Next Story