اپوزیشن اور عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

ملتان میں متحدہ شہری محاذ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف چونگی نمبر 9 پر احتجاج کیا گیا۔

مظارین نے سڑک پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

ملک کی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مسترد کردیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بلا جواز اور عوام دشمن قرار دیا ہے، پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورے کرنے میں ناکام ہوگئی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری کم کرکے عوام کو جینے کا حق دیاجائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے اسے واپس لے کر عوام کو سبسڈی دی جائے۔


تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حکومتی اقدام شرم ناک ہے۔ اس سے عوام براہ راست متاثر ہوتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے اس فیصلے کے خلاف قومی اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان نے سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 3 ماہ میں 4 مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

دوسری جانب ملتان میں متحدہ شہری محاذ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف چونگی نمبر 9 پر احتجاج کیا گیا۔ مظارین نے سڑک پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی ، ان کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر حالیہ اضافے کو واپس لے اور عوام کو ریلیف دے۔
Load Next Story