مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے والے مزید مہنگائی کیلئے تیار رہیں سید منور حسن

جماعت اسلامی حکومت اور طالبان کے درمیان ون آن ون مذاکرات کی حامی ہے، منور حسن

وزیر اعظم نواز شریف وہی چاہتے ہیں جو امریکا کی منشا ہے وہ امریکا کے خلاف کوئی اقدام نہیں کریں گے، امیر جماعت اسلامی ۔ فوٹو : فائل

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت سے کسی بھی قسم کی امید رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں، مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے مزید مہنگائی کے لئے تیار رہیں۔


لاہور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت طالبان سے ون آن ون مذاکرات کی حامی ہے، حکومت نے ابھی اپنا ہوم ورک ہی مکمل نہیں کیا ایسی صورت حال میں طالبان سے مذاکرات کیسے کئے جاسکتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ امریکا طالبان سے مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ہمارے حکمران امریکا کا ساتھ دے رہے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف وہی چاہتے ہیں جو امریکا کی منشا ہے وہ امریکا کے خلاف کوئی اقدام نہیں کریں گے، جب امریکا چاہے گا تو مذاکرات بھی شروع ہوجائیں گے۔

سید منور حسن نے کہا کہ ان کی جماعت شام پرامریکی حملے کی بھرپورمذمت کرتی ہے کیونکہ طاقت کے استعمال سے کبھی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا، وہ عالمی اسلامی اور جہادی تحریکوں کو لاہور میں اکٹھا کریں گے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر انہوں نے کہا کہ حکومت سے کسی بھی قسم کی امید رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں، مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے مزید مہنگائی کے لئے تیار رہیں۔
Load Next Story