لاہور پی آئی اے افسر نے اپنی گاڑی کراچی لے جانے کیلئے پرواز میں تاخیر کرا دی
ایکسپریس نیوز کے مطابق قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فرسٹ آفیسر کی گاڑی لے جانے کے لئے پی آئی اے کی پرواز کو تاخیر سے روانہ کیا گیا، واقعہ کچھ یوں پیش آیا کہ فرسٹ آفیسر نے حکام کو فون کر کے کہا کہ وہ اسی جہاز میں اپنی نئی گاڑی کو بھی لے جانا چاہتے ہیں، ان کے حکم کی تعمیل کے لئے پی آئی اے حکام نے ان کے پہنچنے تک طیارے کو روک کر رکھا اور اس دوران مسافر جہاز کےا ندر بیٹھے انتظار کرتے رہے، کافی تاخیر کے بعد فرسٹ آفیسر ایئرپورٹ پہنچے اور تمام قوائد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہوں نے اپنی گاڑی بغیر چیکنگ کرائے خود طیارے کے کارگو سیکشن میں کھڑی کی اور طیارے میں سوار ہو کر لاہور سے کراچی پہنچے۔
ایوی ایشن کے قوائد و ضوابط کے مطابق پائلٹ، فرسٹ آفیسرز یا عملے کا کوئی بھی فرد اپنا سامان خود طیارے میں نہیں رکھ سکتا بلکہ اس سامان کو سیکیورٹی کے تمام مراحل سے گزار کر طیارے میں لے جایا جاتا ہے لیکن اس واقعے میں پی آئی اے کے عملے کی جانب سے قوائد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی دیکھی گئی۔ ایویشن حکام نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور اس حوالے سے اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے۔