آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز آج ہی جاری کیے جائیں شہباز شریف

پتہ نہیں نیب کو آصف زرداری کی گرفتاری کی ضرورت کیوں پیش آئی، صدر مسلم لیگ (ن)

پتہ نہیں نیب کو آصف زرداری کی گرفتاری کی ضرورت کیوں پیش آئی، صدر مسلم لیگ (ن) فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز آج ہی جاری کیے جائیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز آج ہی جاری کرکے ماضی کی روایات برقرار رکھی جائیں، ان کے ساتھ ساتھ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز بھی جاری کیے جائیں۔


قبل ازیں پارلیمنٹ آمد پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری باقاعدگی سے نیب میں پیش ہوتے رہے، پتہ نہیں نیب کو گرفتاری کی ضرورت کیوں پیش آئی، اپوزیشن جماعتوں کا جلد اجلاس ہوگا جس میں فیصلے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹرز نے کمر درد کےلئے فزیو تھراپی اور دیگر ورزشیں بتائی ہیں، بیرون ملک جو ٹیسٹ ہوئے سب نارمل آئے ہیں، پاکستان میرا وطن ہے اپنے وطن میں رہوں گا، یہیں پیدا ہوا اور یہیں مروں گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ میں بیرون ملک تھا تو چیئرمین نیب کا ایک اخبار میں انٹرویو چھپا جس میں انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور سیاسی قیادت کے خلاف باتیں کیں، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ نیب اور پی ٹی آئی کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اس انٹرویو کے بعد نیب ایکسپوز ہو چکا ہے، جاوید چوہدری نے کہا میں اپنے لکھے ہوئے ایک ایک لفظ پر قائم ہوں، میں چیئرمین نیب سے نہیں ملا اور نہ کبھی کوئی پیغام پہنچایا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی جس کے نتیجے میں ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

Load Next Story