سراپے کو دیجیے ایک نیا روپ

روایتی ابٹن ہر قسم کی جلد کو شاداب کرتا ہے


Shahida Rehana September 01, 2013
روایتی ابٹن ہر قسم کی جلد کو شاداب کرتا ہے۔ فوٹو: فائل

خوب صورتی کے حصول کے لیے ابٹن ایک آزمودہ ذریعہ ہے۔ یہ ہماری روایت کا خاص حصہ بھی رہا ہے۔

چہرے کے روئیں کے خاتمے اور نکھری ہوئی بے داغ جلد کے لیے یہ خاصا موثر کردار ادا کرتا ہے۔ ابٹن کے استعمال سے جلد کے بند مسام کھل جاتے ہیں، دوران خون بہتر ہوتا ہے، جس سے جلد صحت مند ہو جاتی ہے۔ ہونٹوں کے گِرد سیاہی اور آنکھوں کے نیچے پڑنے والے حلقے بھی صاف ہو جاتے ہیں۔

بازار کے تیار شدہ ابٹن استعمال کرنے کے علاوہ آپ گھر میں بھی ابٹن تیار کر سکتی ہیں، لیکن اس موقع پر اپنی جلد کی خصوصیات کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ اگر آپ کو ابٹن کا استعمال چکنی جلد پر کرنا ہو تو لیموں، کینو، مالٹے کے رس یا چھلکوں کا سفوف ضرور استعمال کریں۔ مونگ اور چنے کی دال ہم وزن رات کو بھگو دیں اور صبح پیس لیں، پھر اس میں آدھا چمچ ہلدی، بادام، سرسوں یا زیتون کے تیل کے دو تین قطرے اور آدھا چمچ لیموں کا رس شامل کر کے اچھی طرح ملا لیں اور چہرے، ہاتھوں پر ملیں اس سے ہر موسم میں آپ کی جلد نکھری نکھری رہے گی۔

چکنی جلد کے لیے چاول کا ابٹن زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے۔ اس کے لیے 2 چمچ چاول کو آدھی پیالی دودھ میں رات بھر کے لیے بھگو دیں، پھر اس میں پودینے کی چند پتیاں شامل کر کے پیس لیں۔ لیموں یا کینو کے خشک چھلکوں کو پیس کر سفوف بنا کر اس میں شامل کریں، اور چند قطرے تیل کے ساتھ استعمال کریں۔ مساج کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ اس کے علاوہ جو کا آٹا چار چمچ لے کر اسے عرق گلاب یا گلیسرین سے گوندھ لیں اور چند قطرے تیل شامل کر کے لگائیں۔ سنگترے کے چھلکے پیس کر رکھ لیں اور اس میں ہلدی شامل کر کے روزانہ چہرے پر لگانے سے بھی چکنی جلد والوں کو افاقہ ہوتا ہے۔

نارمل جلدکی حامل خواتین اگر گھر میں ابٹن تیار کرنا چاہیں، تو گندم کی بھوسی، کینو کے چھلکوں اور بادام کا سفوف اور ہلدی ملا کر رکھ لیں اور دودھ ملا کر استعمال کریں۔ اس کے ساتھ مسور کی دال دودھ میں پیس لیں اور اس میں عرق گلاب، لیموں کا رس، تھوڑا سا فائن آٹا ملا کر لیپ کرنا بھی مفید ہے۔ کینو کے تازہ چھلکوں کو رات بھر دودھ میں بھگو دیں اور صبح پیس کر چہرے ہاتھ پیر پر رگڑ کر دھولیں چند دن کے استعمال سے جلد نکھر جائے گی اور کیل مہاسوں سے بھی نجات ملے گی، اگر اسے بنا کر فریج میں رکھ لیں اور ہفتہ بھر چند منٹ کے لیے روز استعمال کرسکتی ہیں۔

جن خواتین کی جلد خشک ہو، وہ نیم کے سوکھے پتوں کا چورا، جو کا آٹا، ہلدی، کھوپرے کا دودھ اور لیموں کا عرق دو قطرے ڈال کر ملا لیں اور ہاتھ پیروں اور چہرے کو صاف کریں۔ کیل مہاسوں سے بچائو ہوگا اور جلد تروتازہ ہوجائے گی۔ دو چھوہارے اور دو بادام رات کو دودھ میں بھگو دیں اور صبح دو چمچ گیہوں کے آٹے کے ساتھ گرائنڈ کر کے اس میں دو قطرے روغن بادام شامل کر کے لگائیں۔ اس آمیزے سے آپ چہرے اور گردن سمیت پورے جسم کا مساج کر سکتی ہیں۔ نیم کی نرم پتیاں چٹنی کی طرح پیس لیں اور اس میں صندل پائوڈر، بیسن، ہلدی اور دہی ملا کر اسے جسم کے کھلے حصوں پر لگائیں، تو میل کچیل اور سیاہی دور ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ چار چمچ سرسوں دودھ میں بھگو دیں ایک کپ گلاب کی پتیوں کے ساتھ پیس لیں اور دو چمچ گہوں کا آٹا مکس کر کے لگائیں، جلد صاف اور اُجلی ہو جائے گی۔

جلد چاہے کیسی بھی ہو۔ اس کی مناسب صفائی کسی بھی ابٹن اور مساج سے پہلے لازمی ہونی چاہیے۔ اس لیے جب بھی ابٹن لگائیں پہلے چہرے کو اچھی طرح صاف کر لیں، پھر چہرے کو ملائی، مکھن، یا کولڈ کریم لگا کر مساج کر لیں اور پھر ہفتے میں ایک سے دو یا تین بار بھی ابٹن لگایا جا سکتا ہے۔ ابٹن لگانے کے بعد چولہے کے پاس اور دھوپ میں نہ جائیں کیوں کہ سینک کی وجہ سے جلد سیاہ ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

ابٹن خشک ہونے کے بعد رگڑ کر اتاریں۔ اس میں تیل شامل کرنے کی وجہ سے یہ بہ آسانی اتر جاتا ہے۔ ابٹن اتارتے وقت ہاتھ نیچے سے اوپر کی طرف مالش کرتے ہوئے اتاریں۔ ابٹن اتارنے کے بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے اچھی طرح صاف کریں، فوری طور پر کسی فیس واش یا صابن کے استعمال سے گریز کریں۔ ہمیشہ اپنی جلد کے مطابق ابٹن کا چنائو کریں۔ اگر خواتین ابٹن کو اپنے سنگھار کا جزو بنا لیں تو بہت سے جلدی مسائل سے محفوظ رہ سکتی ہیں اور ان کی قدرتی کشش بھی بحال ہو سکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں