آصف زرداری 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

احتساب عدالت کا آصف علی زرداری کو 21 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم


ویب ڈیسک June 11, 2019
احتساب عدالت کا آصف علی زرداری کو 21 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی ۔نیب نے آصف زرداری کو عدالت میں پیش کیا اور 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔

نیب پراسیکیوٹرکی جانب سے کہا گیا کہ آصف زرداری کی گرفتاری کے لئے 8 ٹھوس بنیادیں ہیں، انہوں نے جعلی اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشن کرکے غیر قانونی آمدن کو جائز کرنے کا منصوبہ بنایا اور اپنے فرنٹ مین و بے نامی داروں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی، انہوں نے بینک حکام کی معاونت سے جعلی اکاؤنٹس کھولے، پارک لین کی فرنٹ کمپنی پارتھینون کو بھی پیسے آتے رہے۔

احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے 21 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

آصف زرداری نے نیب حوالات میں اضافی سہولیات کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی خدمت گزار ساتھ رکھنے کی اجازت دی جائے اور تمام طبی سہولیات بھی مہیا کی جائیں۔

سماعت کے موقع پر احتساب عدالت کے اندر اور باہر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ احتساب عدالت کو جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا تھا جب کہ جوڈیشل کمپلیکس کے اردگرد سیکورٹی کے لیے 1500 اہلکاروافسران تعینات کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزقومی احتساب بیورونے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کو جعلی بینک اکاؤنٹس اورمیگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتارکرلیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔