ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین لندن میں گرفتار

الطاف حسین کو 2016 کی نفرت انگیز تقاریر کے مقدمات میں حراست میں لیا گیا


ویب ڈیسک June 11, 2019
گرفتاری کے بعد ایم کیو ایم کے بانی کو مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا فوٹو: فائل

برطانوی پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے صبح سویرے الطاف حسین کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

برطانوی پولیس نے بانی ایم کیوایم الطاف حسین کومقامی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی جب کہ اس وقت ان کے گھر کی تلاشی لی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمالی لندن میں ان کے گھر پر چھاپے میں 15 پولیس افسران نے حصہ لیا۔

الطاف حسین کو 2016 میں نفرت انگیز تقاریرکے مقدمات میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کے حوالے سے پاکستانی حکومت نے تفصیلات برطانیہ کو فراہم کی تھیں اورلندن پولیس اپنے قانون کے مطابق الطاف حسین سے تحقیقات کرے گی۔



میٹروپولیٹن پولیس نے الطاف حسین کا نام لیے بغیر اپنے بیان میں کہا کہ منگل کے روز شمال مغربی لندن میں ایم کیو ایم کے ایک شخص کو گھر سے گرفتار کیا گیا ہے جس کی عمر 60 سال ہے، اس کی گرفتاری برطانوی قانون کی سیکشن 44 کی خلاف ورزی کے تحت عمل میں آئی اور اس کے خلاف جان بوجھ کر جرم کی مدد اور حوصلہ افزائی کا الزام ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کواگست 2016 اور اس سے پہلے کی اشتعال انگیز تقاریر کے تناظر میں گرفتار کیا گیا، جبکہ پاکستانی حکام کے ساتھ مل کراس کیس کی تحقیقات کی گئیں اوراب 2 مقامات کی تلاشی لی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق بانی ایم کیوایم کے وکلا کی جانب سے ضمانت کیلیے درخواست بھی دائرکردی گئی ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے کی طرف سے برطانوی وکیل ٹوبی کیڈمین الطاف حسین کے خلاف کیس میں پیش ہوں گے جب کہ جے آئی ٹی سربراہ مظہرالحق کاکا خیل کچھ دنوں میں کیس کی پیروی کیلیے لندن جائیں گے۔

واضح رہے کہ الطاف حسین پاکستان میں قتل و غارت، دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے متعدد مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔