بجلی وگیس چوروں کیخلاف کارروائی جاری مزید بیسیوں پکڑے گئے

فیصل آباد میں گھریلو میٹرز سے شادی لان اور آفس کے گیس جنریٹرز چلانے پر3 کنکشن منقطع

فیصل آباد میں گھریلو میٹرز سے شادی لان اور آفس کے گیس جنریٹرز چلانے پر3 کنکشن منقطع. فوٹو: فائل

ٹاسک فورسز اور ایف آئی اے ٹیموں کی بجلی وگیس چوروں کیخلاف کارروائی اتوار کو بھی جاری رہی۔

اس دوران متعدد ملزموں کو گرفتار کر کے لاکھوں کے جرمانے وصول کیے گئے جبکہ مقدمات کا اندراج بھی کرا دیا گیا۔ فیصل آباد کے علاقہ نوابانوالہ میں گھریلو میٹرز سے شادی لان اور آفس کیلیے گیس جنریٹرز چلائے جانے پر 3 غیرقانونی کنکشن منقطع کر کے کارروائی شروع کر دی گئی، 2 میٹروں سے متعدد گھروں کو گیس دیکر ماہانہ 2ہزار روپے فی گھر بل وصول کیا جا رہا تھا۔ملتان میں ضلعی ٹاسک فورس اور میپکو ٹیم نے ایگزیکٹو لاجز بجلی چوری کیس کے مرکزی کردار ریورسر عبدالحمید اور میٹرانسپکٹر توفیق کے گھروں پر چھاپے مار کر بجلی چوری پکڑ لی، مقدمات درج کروا دیے گئے۔ مختلف علاقوں میں کنڈا ڈال کر بجلی چوری کرنے والے افراد پکڑے گئے۔




میاں چنوں میں 13 لاکھ جرمانے کے علاوہ 25بجلی چوروں کیخلاف مقدمات درج کرائے گئے۔صادق آباد میں سجاول ریسٹورنٹ کا گیس میٹر اتار کر لیبارٹری ٹیسٹ کیلیے بھجوا دیا گیا۔ ماڈل ٹائون میں گیسٹ ہائوس میں گھریلو کنکشن سے بجلی استعمال کرنے پر سپلائی منقطع کر کے انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ادھر حبیب بیکرز پر بوگس میٹر سے بجلی چوری پر بیکری مالک مقبول کے بھائی طیب کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرادیا گیا۔

رحیم یارخان میں 10بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جن میں سے 3 ملزم گرفتار جبکہ 7فرار ہو گئے۔ سرگودھا، بھیرہ، بھاگٹانوالہ، گروٹ میں بجلی وپانی چوری پر 17افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔اے پی پی کے مطابق پیسکو ٹیموں نے دیہہ بہادر سب ڈویژن میں عدم ادائیگی واجبات پر 6ٹرانسفارمروں سے بجلی کی فراہمی منقطع کر دی۔ ٹیم نے گزشتہ روز 350کنڈے اتارے جبکہ 18افراد کیخلاف مقدمات کی درخواستیں دیدی گئیں۔بڈھ بیر، متنی اور کینٹ سب ڈویژنوں میں نادہندگان سے لاکھوں روپے وصول کرلیے گئے۔

Recommended Stories

Load Next Story