کراچی میں دستی بم حملہ فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید 6 افراد ہلاک

اورنگی اوربنارس میں 2 افراد مارے گئے،سبزی منڈی پرخالی پلاٹ سے مقتول صوبیدارکے بیٹے کی بوری بندلاش ملی


Staff Reporter September 02, 2013
پاپوش نگر،لانڈھی میں 2،اورنگی اوربنارس میں 2 افراد مارے گئے،سبزی منڈی پرخالی پلاٹ سے مقتول صوبیدارکے بیٹے کی بوری بندلاش ملی. فوٹو: فائل

کراچی میں دستی بم حملے، فائرنگ اورپرتشددواقعات کے دوران مزید6افراد ہلاک اورمتحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور پولیس اہلکار سمیت 14زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤں سیکٹر ساڑھے گیارہ پاکستان بازارتھانے کے قریب کے رہائشی50 سالہ ریاض الدین کو گھر کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرارہوگئے،مقتول کی لاش عباسی شہیداسپتال پہنچائی گئی، مقتول کے ای ایس سی کاملازم تھا۔اورنگی بنارس مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ25سالہ ریحان اختر زخمی ہو گیا ، ہلاک ہونے والے کی لاش قطر جبکہ زخمی ہونے والے کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔سبزی منڈی میں الہلال سوسائٹی میں خالی پلاٹ سے بوری بند لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا،مقتول کی جیب سے پرچی ملی تھی جس پراس کا نام ذیشان اختر عرف بلا اورچکوال لکھا ہوا تھا،مقتول پاک فوج کے ریٹائرڈصوبیدار کا بیٹا تھا،مقتول کو ملزمان نے نامعلوم مقام پرفائرنگ کرکے ہلاک کیا اورلاش پھینک کر فرار ہوگئے ، پولیس کے مطابق مقتول کے ورثا آج (پیرکو)کراچی پہنچیں گے۔

پاک کالونی کے علاقے جہان آبادنالے کے قریب عبدالخالق اسکول کے قریب ڈبوکلب پرنامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے دستی بم پھینکاجو ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا،ملزمان نے دستی بم حملے کے بعدفائرنگ شروع کر دی جواب میں ڈبوکلب میں موجودمسلح افراد نے بھی فائرنگ کی،دوطرفہ فائرنگ کے دوران ایک جرائم پیشہ شخص25سالہ سمیع اﷲ ہلاک جبکہ8سالہ راہگیربچہ عبدالصبور بلوچ زخمی ہو گیا ،ہلاک و زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وارکے بانی لال محمد عرف حاجی لالو کے دفتر پرکالعدم لیاری امن کمیٹی کے کارندوں نے قبضہ کرکے وہاں ڈبوکلب کھول دیا تھا اور اپنے مسلح کارندے بٹھادیے تھے گزشتہ روز اس اڈے پرنامعلوم ملزمان نے دستی بم حملہ اورفائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیاری گینگ وار کے اہم ملزم نور محمد عرف بابا لاڈلا کا قریبی ساتھی مارا گیا۔واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔



نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کر دی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ایس پی سائٹ کے حکم پر اتحاد ٹاؤں سے پولیس کی نفری اور بکتر بند طلب کر لی گئی ، نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے دوران میوہ شاہ قبرستان کے ایم سی اسکول کے قریب فائرنگ کی زدمیں آکر18سالہ وصل مسیح اور سائٹ غنی چورنگی کے قریب فائرنگ کی زدمیں آکر45سالہ امان اﷲ زخمی ہو گئے جنھیں عباسی شہید اور سول اسپتال پہنچایا گیا۔نیوکراچی سیکٹر5/C,4 پیلااسکول کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کاکارکن28 سالہ وقاراحمدزخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔جیکسن کے علاقے نیٹی جیٹی پل پرنامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر20سالہ موٹر سائیکل سوار زبیرعلی کوفائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

لیمارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ محمد صادق،ورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ میں اسلام چوک کے قریب گھر کی چھت پر سوئی ہوئی 11 سالہ فاطمہ دختر عبدالعزیز،سائٹ باوانی چالی میں نامعلوم 18 سالہ خالد جبکہ آگرہ تاج کالونی کے علاقے میں پی ون اسٹاپ کے قریب 23سالہ عبدالرحمن زخمی ہو گئے،بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون میں 45 سالہ زاہدہ بی بی زوجہ شبیر احمد،اسٹیل ٹائون میں 45 سالہ گل حسن زخمی ہوگیا۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شاہ لطیف کے علاقے لانڈھی جوگی موڑ سوزوکی شو روم والی گلی میں لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا ،ہلاک ہونے والے کی شناخت 53 سالہ محمد شکیل بنگالی کے نام سے کر لی گئی ، مقتول لانڈھی مجید کالونی کا رہائشی تھا ، مقتول کے کپڑوں کی جیب سے ایک موبائل فون اور55 ہزارروپے ملے ہیں جو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیے ۔

مقتول کا اندرون سندھ سے آنے والے گدا گروں ( بانگڑیوں )کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا تھا،مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔ناظم آباد پاپوشنگر قبرستان حکیم باورچی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ غضنفر علی سر پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ رات گئے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔اورنگی ٹاؤن نمبر4 فرنٹیئر کالونی امام بارگاہ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سیکیورٹی زون میں تعینات اے ایس آئی محمد افضال زخمی ہو گیاجسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا،اسپتال ذرائع کے مطابق محمد افضال اے این پی کے رہنمابشیرجان کی سیکیورٹی پرتعینات ہے،وہ اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھرجارہاتھا۔سہراب گوٹھ تھانے کی حدودنیوکراچی ایوب گوٹھ پولیس چوکی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے25سالہ محمد بابر زخمی ہو گیاجسے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔پاک کالونی میوہ شاہ قبرستان کے قریب فائرنگ کی زد مں آکر9 سالہ نشاط زخمی ہو گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں