چوہدری نثار نے وزیر اعظم کو کراچی کی صورتحال سے متعلق رپورٹ پیش کردی

قیام امن کے لئے سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے ہر تعاون فراہم کیا جائے گا، وفاقی حکومت

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے قبل زمینی حقائق جاننے کے لئے کراچی کے مختلف علاقوں کے دوروں کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی کی صورتحال سے متعلق وزیر اعظم نواز شریف کو رپورٹ پیش کردی ہے۔



وزیر اعظم ہاؤس میں چوہدری نثار نے نواز شریف سے ملاقات کی جس میں کراچی میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے وفاق کی جانب سے تعاون کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ قیام امن کے لئے سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے ہر تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ملاقات میں کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کی کمان صوبائی حکومت کو ہی سونپے جانے اور آپریشن کی نگرانی کے لئے مجوزہ کمیٹی کے اراکین کے نام بھی فوری طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔


ملاقات کے دوران وزیر اعظم کی جانب سے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے قبل زمینی حقائق جاننے کے لئے کراچی کے مختلف علاقوں کے دوروں کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے۔


واضح رہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی بدھ کو گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

Load Next Story