اور اب ’’سوشل فلم‘‘

سماجی میڈیا پر جنم لینے والی فلموں کی نئی صنف

’’سوشل فلم‘‘ موویز کی ایک نئی قسم ہے، جس نے سماجی ویب سائٹس کی جادونگری میں جنم لیا ہے۔ فوٹو : فائل

سوشل میڈیا نے جہاں دنیا کی سیاست، سماج اور تجارت پر اثرات مرتب کیے ہیں وہیں زندگی کے دیگر شعبے بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے ہیں، جن میں فلم کا شعبہ بھی شامل ہے۔

سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر الفاظ، عکس اور آواز کا سلسلہ تو ایک عرصے سے مین اسٹریم میڈیا یعنی ٹی وی چینلز اور اخبارات کے مدمقابل معلومات اور خبروں کی دنیا آباد کیے ہوئے ہے، اب ''سوشل فلم'' بھی ہالی وڈ اور بولی وڈ جیسی فلمی صنعتوں کے سامنے آکھڑی ہوئی ہے۔

''سوشل فلم'' موویز کی ایک نئی قسم ہے، جس نے سماجی ویب سائٹس کی جادونگری میں جنم لیا ہے۔ سوشل فلم موویز بنانے کے لیے استعمال ہونے والے روایتی کیمروں اور آلات کے بہ جائے بہ طور وڈیو بنائی جانے والی فلم ہوتی ہے۔ اِس کا تعلق وڈیوز کی اس قِسم سے ہے جو بہ طور اصطلاح ''انٹرایکٹیو وڈیو'' کہلاتی ہے۔ سوشل فلم کے زمرے میں آنے والی فلمیں سوشل میڈیا کو حوالہ اور بنیاد بناتے ہوئے اسی میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والی فلمیں ہیں۔ سنیما گھروں کے بہ جائے یہ فلمیں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے تقسیم ہوتی اور سامنے آتی ہیں۔

ان فلموں کا فارمیٹ عام فلموں سے کئی بنیادوں پر مختلف ہے اور متعلقہ ماہرین کے مطابق اس صنف کے کچھ عناصر اسے اپنی جداگانہ پہچان عطا کرتے ہیں، جیسے:


٭ Casual entertainment:
Casual entertainment یا اتفاقاً کی جانے والی تفریح، گویا یہ ایک ایسی تفریح ہے جو آپ ارادے کے ساتھ انجام نہیں دیتے جیسے فلم دیکھنے کے لیے سنیما جانا، بل کہ آپ کسی سوشل ویب سائٹ پر اتفاقاً کوئی ایسی فلم پاتے ہیں اور اس سے محظوظ ہوتے ہیں۔

٭سوشل میڈیا:ان فلموں کی کہانی میں سوشل ویب سائٹس کا کردار بنیادی نوعیت کا ہوتا ہے۔
٭یوزرز کی تخلیق:پیشہ ور فلم سازوں، ڈائریکٹرز اور کہانی کاروں وغیرہ کے بہ جائے سوشل فلموں میں عام یوزرز کا کونٹینٹ بھی شامل ہوتا ہے۔ عام یوزرز کی شمولیت کا پہلو ان فلموں میں لوگوں کی دل چسپی بڑھادیتا ہے۔ تاہم انٹرنیٹ اور آئی ٹی سے متعلق بڑی کمپنیاں اور ادارے ان فلموں کی تخلیق اور تقسیم کے لیے میدان میں آگئے ہیں۔

٭گیم مشین:ان فلموں میں مناظر کی تشکیل کے لیے وڈیو گیمز کی تخلیق میں استعمال ہونے والی گیم مشینز کام میں لائی جاتی ہیں۔
سوشل فلم ایک ایسا کام ہے جس سے اس کے ناظرین براہ راست وابستہ رہتے ہیں اور ان کی رینکنگ براہ راست یوزر کے ہاتھ میں ہوتی ہے، یوں یوزرز کمنٹس کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔ ''Him, Her and Them'' پہلی سوشل فلم تھی، جو اپریل 2011 میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کی تقسیم ''فیس بُک ایپلی کیشن'' کے طور پر ہوئی اور اسے پہلی ''فیس بُک فلم'' بھی کہا گیا۔ یہ فلم مختصر دورانیے کے وڈیو کلپس اور ''انٹرایکٹیو سلائڈ شوز'' کو جوڑ کر بنائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ اب تک جو سوشل فلمیں بنائی جاچکی ہیں ان میں lonelygirl15، Project Imagin8ion، Inside ، Life in a Day اور The Power Insideشامل ہیں۔

ان فلموں میں دیگر کے ساتھ ہالی وڈ کے اداکار بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں، جیسے اداکارہ Emmy Rossum نے سوشل فلم ''ان سائڈ'' میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ''ان سائڈ'' اور فلم ''دی بیوٹی ان سائڈ'' الیکٹرونکس اور آئی ٹی کی دنیا کی دو بہت بڑی کمپنیوں کی مشترکہ پیشکش تھیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ سرمایہ کار سوشل فلموں کے میدان میں سرمایہ کاری کو سودمند سمجھتے ہیں اور اس کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔
Load Next Story