عمران خان کا وقت پورا ہوچکا جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں نواز شریف

بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو منہ نہیں لگایا، نواز شریف

بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو منہ نہیں لگایا، نواز شریف۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کا وقت پورا ہوچکا ہے اور وہ جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر رہنماؤں سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کے بہت سارے وزراء کرپشن میں ملوث ہیں کوئی نہیں دیکھ رہا جب کہ سابق صدر آصف زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری بلا جواز ہے، عمران نیازی کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں۔


سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور میں روپیہ مستحکم تھا اور تیل کی قیمتیں کم تھیں تاہم اب عمران خان کی نااہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، ملکی معیشت کا جنازہ نکل رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، (ن) لیگ نے مہنگائی کو نکیل ڈال کر رکھی تھی، عمران خان نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا، ان کو شرم آنی چاہیے، عمران خان اپنی ناقص پالیسیوں اور انتقامی سیاست کے باعث ہٹ وکٹ ہوچکے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خیرباد کہا مگر عمران خان کشکول لے کر اس کے پاس چلے گئے، بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو منہ نہیں لگایا، نہ ان کا فون سنا اور نہ ہی حلف برداری میں بلایا، ہمارے دور میں مودی اور واجپائی پاکستان آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا ہو جاتا اگر ہماری حکومت کا تسلسل قائم رہتا، سلیکٹڈ وزیراعظم کی ناقص پالیسیوں سے عوام پریشان ہیں، عمران خان کا وقت پورا ہوچکا ہے اور جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔
Load Next Story