موجودہ حکومت کو جب چاہیں گرا سکتے ہیں بلاول بھٹو

انہیں پتا ہے ان کی اکثریت نہیں ہے، اس لیے انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بنایا، چیئرمین پی پی


ویب ڈیسک June 14, 2019
نیب کو آمر مشرف نے بنایا،بلاول بھٹو، فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ حکومت بزدلوں کی حکومت ہے ہم جب چاہیں موجودہ حکومت کو گرا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کر لیا ہے، نیب کو آمر مشرف نے سیاسی انتقام کے لیے بنایا، آج کے پاکستان اور مشرف کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ عدلیہ خودمختار نہیں ، میڈیا آزاد نہیں ، معزز جج صاحبان کو سازش کے تحت ہٹایا جارہا ہے، اب بتائیں نئے پاکستان اور آمروں کے پاکستان میں کیا فرق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور گرفتار

چیئرمین پی پی نے کہا کہ نیب کو دباؤ میں لانے کیلئے حکومت ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہےاور ہر ادارے کو بلیک میل اور دباؤ کے ذریعے چلانے کی کوشش کی جارہی ہے، عدلیہ پرجوحملہ مشرف نے کیا آج وہی کٹھ پتلی حکومت کر رہی ہے اور اسکرپٹ کے برعکس چلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کو بجٹ کے دن گرفتار کیا گیا، یہ حکومت بزدلوں کی حکومت ہے انہیں پتا ہے ان کی اکثریت نہیں ہے، اس لیے انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بنایاہے، حکومت دھاندلی کے ذریعے بجٹ پاس کرانا چاہتی ہے اگر یہ دھاندلی کے ذریعے بجٹ پاس کراتے ہیں تو اس کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ فریال تالپور بہادر عورت ہیں ہم ہر محاذ پر لڑیں گے، بزدلانہ حرکتوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، دعا کریں آپ کے بعد پی پی کی حکومت آئے جس میں ہم خواتین کے خلاف کارروائیاں نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں