بلاول اور مریم ملاقات حکومت کے خلاف جدوجہد پر اتفاق

بجٹ کے متعلق مشترکہ حکمت عملی کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ


ویب ڈیسک June 16, 2019
بلاول بھٹو زرداری کو مریم نواز نے دعوت دی تھی، فوٹو: این این آئی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کے خلاف جدوجہد پر اتفاق کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی دعوت پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری جاتی امرا پہنچے ، ان کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور، حسن مرتضی اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کے علاوہ پیپلز پارٹی کی دیگر اعلیٰ قیادت بھی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب ، رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق اور محمد زبیر موجود ہیں۔ مریم نواز نے جاتی امرا آمد پر بلاول بھٹوزرداری کا استقبال کیا۔

ملاقات میں آصف زرداری، فریال تالپور اور حمزہ شہباز کی گرفتاری سمیت دیگر سیاسی امور اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران بجٹ کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور آئے۔ ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں حکومت کے خلاف جدوجہد پر اتفاق اور بجٹ کے متعلق مشترکہ حکمت عملی کےلیےاعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کریں گی۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے رمضان المبارک میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو دعوت افطار پر مدعو کیا تھا، جس میں مریم نواز بھی شریک ہوئی تھیں، یہ دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ سیاسی ملاقات تھی۔ مریم نواز نے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات کی دعوت دی تھی جسے بلاول نے قبول کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں