رواں برس پاکستان کی تاریخ کا مثالی حج ہوگا وفاقی وزیر برائے مذہبی امور

جو عازمین حج کے دوران خود قربانی کرنا چاہیں ان کو پیسے واپس دیئے جائیں گے.سردار محمد یوسف


ویب ڈیسک September 03, 2013
حج پروازوں میں تاخیر فضائی کمپنیوں پر جرمانہ ہوگا، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار۔ فوٹو : بفائل

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے دعوٰی کیا ہے کہ رواں برس پاکستان کی تاریخ کا مثالی حج ہوگا اور حجاج کرام کو انتظامات میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں برس ایک لاکھ 43 ہزار عازمین حج پر جائیں گے جن میں سے 86ہزار سرکاری حج اسکیم کے تحت جبکہ 57ہزار پرائیویٹ حج آپریٹر کے ذریعے جائیں گے، حجاج کے لئے 12 عمارتیں کرائے پر لے لی گئی ہیں، وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر حج سے متعلق تمام ضروری معلومات فراہم کردی گئی ہیں تمام حاجیوں سے ان کے موبائل نمبرز لے لئے گئے ہیں اور ان کو ایس ایم ایس بھی کئے جارہے ہیں۔

سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پہلی حج پرواز 9ستمبر کو روانہ ہوگی،پروازوں میں تاخیر پر فضائی کمپنیوں پر جرمانہ ہوگا، حاجی کیمپ کے اندر ہی بریفنگ اور ویکسی نیشن ہوگی، عازمین کی معاونت کے لئے ایک ہزار خدام پاکستان سے جبکہ 900 خدام کی خدمات حجاز مقدس سے حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار کی مشکلات کے ازالے کےلئے اب خدام پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ سعودی عرب میں حرم کی توسیع کے کام کے باعث بعض ہدایات بھی حجاج کرام کو پہنچائی جائیں گی، سبز اور سرخ روشنیوں کے ذریعے سے حجاج کو حرم میں گنجائش کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، جو عازمین حج کے دوران خود قربانی کرنا چاہیں ان کو پیسے واپس دیئے جائیں گے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں