ورلڈ کپ ٹاکرا ترجمان پاک فوج کا بھارتی صحافی کو کرارا جواب
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پاک بھارت کرکٹ میچ سے قبل بھارتی صحافی کے طنز کا بھرپور جواب دیتے ہوئے انہیں خاموش کرادیا۔
پاک بھارت ٹاکرے پر اپنی سطحی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نائلہ عنایت نامی صحافی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ لاہور میں بارش ہورہی ہے، بس اب مانچسٹر میں بھی بارش ہوجائے۔ نائلہ عنایت کے اس ٹویٹ پر کشمیری نژاد بھارتی صحافی آدیتیہ راج کول نے پاکستانیوں کے جذبات بھڑکاتے ہوئے جوابی ٹویٹ کی ''یہ ہر پاکستانی کا خواب ہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران بارش ہوجائے''۔
اس بے ہودہ مذاق کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے نائلہ عنایت نے اس ٹویٹ کے جواب میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ہاتھوں کو دعا کے انداز میں اٹھائے ہوئے ہیں۔ نائلہ عنایت شاید یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ظاہر کرنا چاہ رہی تھیں ہر پاکستانی اس وقت بارش کی دعا کر رہا ہے تاکہ پاکستان بھارت کے ہاتھوں شکست سے بچ جائے۔
آدیتیہ راج نے اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئےترجمان پاک فوج کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ''اللہ میاں ہماری طرف ہیں، غفور صاحب''۔
ان ٹویٹس پر ترجمان پاک فوج نے آدیتیہ راج کول کی ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے انہیں خاموش کرادیا۔ ترجمان پاک فون نے لکھا کہ ''ہمارا ایمان ہے کہ رب سب کا، ہر کسی کا حق ہے کہ وہ اللہ سے دعا کرے، آپ کا بھی حق ہے کہ آپ دعا کریں لیکن دوسروں کے لیے انکار نہ کریں، آج کے میچ کے بارے میں کہنا چاہتا ہوں کہ یہ صرف ایک کھیل ہے، جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہ جیتے گی، ہوسکتا ہے ہم جیت جائیں، ہوسکتا ہے ہم ہار جائیں، لیکن ہماری دعائیں ہماری ٹیم کے ساتھ ہیں۔''