پاکستان سے میچ اولڈ ٹریفورڈ میں بھارتی شائقین کا غلبہ رہا

مودی کے ماسک پہن کر اسٹیڈیم جانے سے روک دیاگیا،سیکیورٹی کے سخت انتظامات


Numainda Khususi June 17, 2019
مودی کے ماسک پہن کر اسٹیڈیم جانے سے روک دیاگیا،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

اولڈ ٹریفورڈ میں میچ کے دوران فیلڈ سے باہر بھی بھارتیوں کا غلبہ رہا،اسٹیڈیم میں موجود بیشتر افراد بھارت سے ہی تعلق رکھتے تھے، میچ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے،شائقین کو نریندرا مودی کے ماسک پہن کر اندرجانے سے روک دیا گیا، کئی معروف شخصیات بھی کھیل سے لطف اندوز ہوئیں۔

مانچسٹر میں ورلڈکپ میچ کے موقع پر اسٹیڈیم میں 90 فیصد سے زائد شائقین بھارتی تھے جو عمدہ کھیل پر اپنے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے، کم تعداد میں موجود پاکستانی بھی قومی پرچم تھامے ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے رہے، بیشتر نے مختلف روپ دھارے اور چہروں پر پینٹ کرائے ہوئے تھے، عربی لباس پہنے ایک شائق تو گھوڑے پر سوارہوکر اسٹیڈیم آیا، بہت سے پاکستانی کھلی بس پرسوارہوکر بھی ہنستے کھیلتے اولڈ ٹریفورڈ پہنچے مگرٹیم کے ناقص کھیل نے ان کو مایوسی کا شکارکردیا، کئی بھارتی شائق اپنے وزیراعظم نریندر مودی کے چہرے والا ماسک پہن کرپہنچ گئے مگرآئی سی سی قوانین اس کی اجازت نہیں دیتے اس لیے ان سے ماسک واپس لے لیے گئے۔

اس کے باوجود بعض افراد انھیں چھپاکراندر لے گئے۔ دوسری جانب اسٹیڈیم کے باہر اتوار کو بھی بلیک میں ٹکٹ فروخت ہوتے رہے، ڈیڑھ ہزار پاؤنڈ (تقریباً تین لاکھ پاکستانی روپے) تک میں ٹکٹ فروخت ہوئی، میچ کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، مسلح پولیس اہلکار بھی اولڈ ٹریفورڈ اور اطراف میں گشت کرتے رہے، البتہ دونوں ٹیموں کے شائقین نے اچھے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ میچ دیکھنے کیلیے کئی معروف شخصیات بھی اسٹیڈیم آئیں،پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کھیل سے لطف اندوز ہوتے رہے، گلوکار علی ظفر، ٹی وی آرٹسٹ ماورہ حسین موجود رہیں، بھارتی اداکار رنویر سنگھ اورسیف علی خان بھی اولڈ ٹریفورڈ میں موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |