کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2پولیس اہل کار جاں بحق


کراچی پولیس چیف نے اہل کاروں پرفائرنگ کانوٹس لے لیا فوٹو: فائل
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں اورنگی ٹاؤن میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے 2 پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی جاں بحق جب کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی رضاکار اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی, لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کرکے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
کراچی پولیس چیف نے اہل کاروں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی غربی سے رپورٹ طلب کرلی ہے، ایس ایس پی کراچی غربی کا کہنا ہے کہ دونوں پولیس اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ گھر سے ڈیوٹی پر اورنگی ٹاؤن تھانے آ رہے تھے۔ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے 4 خول ملے ہیں۔ جنہیں فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھجوادیا گیاہے۔