اجناس ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کی ضرورت

اگر گندم اور دیگر اجناس کو اسٹور کرنے کی گنجائش بڑھا لی جائے تو ان کو ضایع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔


Editorial August 28, 2012
اجناس پیدا ہوتی ہیں ان کا ایک کافی بڑا حصہ محض مناسب دیکھ بھال اور اسٹوریج کی وافر سہولت اور گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے ضایع ہو جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

ایک خبر کے مطابق سندھ حکومت نے گندم کی پیداوار محفوظ کرنے کے لیے نجی شعبے کی جدید سہولتیں استعمال کرنے کا پروگرام بنایا ہے جس کے تحت گندم کو موسمی اثرات سے بچاتے ہوئے زیادہ عرصے تک محفوظ رکھا جا سکے گا۔ اس سلسلے میں سندھ محکمہ خوراک اور ایک نجی سرمایہ کار گروپ کے مابین پورٹ قاسم پر 100ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے جدید ذخیرہ گھر تعمیر کرنے کا معاہدہ طے پایا ہے۔ سندھ حکومت کے اس منصوبے کو وقت کی آواز قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہو گا کیونکہ ہمارے ہاں جتنی بھی اجناس پیدا ہوتی ہیں ان کا ایک کافی بڑا حصہ محض مناسب دیکھ بھال اور اسٹوریج کی وافر سہولت اور گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے ضایع ہو جاتا ہے۔

ایسی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں کہ بارش کی وجہ سے ہزاروں ٹن اجناس ضایع ہو گئیں۔ چنانچہ یہ بالکل واضح ہے کہ اگر گندم اور دیگر اجناس کو اسٹور کرنے کی گنجائش بڑھا لی جائے تو ان کو ضایع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ اس منصوبے سے بلاشبہ سندھ میں گندم ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ ہو گا تاہم چونکہ زرعی اجناس دیگر تینوں صوبوں میں بھی وافر پیدا ہوتی ہیں اس لیے مناسب یہی ہے کہ ان کو ذخیرہ کرنے کی سہولیات ان صوبوں میں بھی بڑھائی جائیں۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران آنے والے تباہ کُن سیلابوں کے باعث نہ صرف وسیع رقبوں پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں بلکہ سیلاب زدہ علاقوں میں ذخیرہ کی گئی اجناس بھی پانی کی نذر ہو گئیں اور جو بچ گئیں قابل استعمال نہ رہیں۔ حالیہ دنوں میں ملک کے کئی علاقے ایک بار پھر سیلاب کی زد میں ہیں اور ان علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

ایسے حالات میں ذخیرہ شدہ اجناس کام آتی ہیں چنانچہ مناسب ہے کہ ان کو ذخیرہ کرنے کے گوداموں میں اضافہ کیا جائے۔ چاروں صوبوں میں حالیہ سیلابوں کی تباہ کاریوں سے جدید اصولوں پر گندم کی ذخیرہ گاہوں کی ضرورت میں اضافہ ہو گیا ہے' اس ضرورت کا احساس کرتے ہوئے مناسب اقدامات عمل میں لائے جانے چاہئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں