2024

کرکٹ ورلڈ کپ بنگال ٹائیگرز نے کالی آندھی کو 7 وکٹ سے شکست دے دی

بنگلا دیش نے 322 رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 42 ویں اوور میں پورا کرلیا۔


ویب ڈیسک June 17, 2019
بنگلا دیش نے 322 رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 42 ویں اوور میں پورا کرلیا۔۔ فوٹو:فائل

کرکٹ ورلڈ کپ کے 23ویں میچ میں بنگلا دیش نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹ سے شکست دیدی۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے 23ویں میچ میں بنگلا دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرس گیل اور ایون لیوس نے کیا، تاہم کرس گیل صرف 6 کے مجموعی اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن آنے والے شائی ہوپ نے اوپنر ایون لیوس کے ساتھ مل کر 122 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد ایون لیوس 70 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے پانچویں نمبر پر آنے والے شمرون ہیٹمیر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 26 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے، آندرے رسل بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ جیسن ہولڈر نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور 15 گیندوں پر 33 رنز بنائے تاہم 282 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی پویلین واپس لوٹ گئے۔

اوپننگ کے لیے آنے والے شائی ہوپ نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور 96 رنز کی اننگز کھیلی لیکن بدقسمتی سے وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آؤٹ ہوگئے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بناسکی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے کیا، تاہم سومیا سرکار ویسٹ انڈین بولر رسل کی گیند پر کرس گیل کو کیچ تھما بیٹھے، اور 29 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ تمیم اقبال کا ساتھ دینے کے لئے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن آئے، اور دونوں نے اننگز کو آگے بڑھایا تاہم تمیم اقبال بھی 48 رنز بنا کر شکیب الحسن کو کریز پر چھوڑ کر چلے گئے، مشفیق بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرپائے اور صرف 1 رن بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد شکیب الحسن کا ساتھ دینے لٹن داس آئے اور دونوں نے مل کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرادیا۔

شکیب الحسن نے شاندار سینچری اسکور کی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 124 رنز کی بہترین اور ناقابل شکست اننگ کھیلی، جب کہ لاٹن داس نے بھی 94 رنز کی ناقابل شکست اننگ اور ٹیم کی کامیابی کے ساتھ میدان سے باہر آئے۔ شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں