عارف حسین اسکولز کا تعلیمی معیار عالمی سطح کا ہے آصف حسنین

مسائل کا بہترین حل یکساں نظام تعلیم کی فراہمی ہے ،ایم کیوایم رکن قومی اسمبلی

رکن قومی اسمبلی آصف حسنین لانڈھی میں قائم عارف حسین انگلش میڈیم اسکول کا دورہ کررہے ہیں ۔ فوٹو : فائل

ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی سید آصف حسنین نے کہا ہے کہ عارف حسین اسکولز میں طلبہ و طالبات کو تمام سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے ۔

کیونکہ عارف حسین اسکولز میں تعلیم اورسہولیات کی فراہمی کا جومعیار بنایاگیا ہے وہ عام طورپر سرکاری اسکولوں میں نہیں ملتا اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ غریبوں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم مفت حاصل ہوسکے ،ان خیالات کااظہار انھوں نے ڈائریکٹر ایڈمن ڈی ایم سی ملیر عبدالراشدخان ،فوکل پرسن پریم چنداور دیگر کے ہمراہ لانڈھی کورنگی میں عارف حسین انگلش میڈیم اسکول کے مختلف کیمپس کادورہ کرتے ہوئے کیا ،انھوں نے اس موقع پر کہا کہ عارف حسین انگلش اسکولز پاکستان کی تاریخ میں وہ واحد سرکاری اسکولز ہیں جہاں اعلیٰ معیار اور خاص طور پر آکسفورڈ لیول کی تعلیم مفت فراہم کی جاتی ہے۔




اس کے علاوہ مستحق طلبہ وطالبات کو مفت یونیفارم بھی فراہم کیے جاتے ہیں اس سلسلے میں ایسے اقدامات تسلسل سے کیے جانے چاہئیں جن سے ان اسکول کا معیار متاثر نہ ہو ،متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی سیدآصف حسنین نے کہا کہ مسائل کا بہترین حل اپنے گلی محلوں سے لے کر شہروں اور صوبوں کی سطح تک یکساں نظام تعلیم کی فراہمی ہے تعلیم کے میدان میں مزید ایسی ضربیں لگانے کی ضرورت ہے جس سے کرپشن کی حوصلہ شکنی ہو ، انھوں نے اس موقع پر اعلان کیا جو طلبہ و طالبات اعلیٰ نمبروں سے پاس ہوئے ہیں ان کو نقد انعامات دیے جائیں جبکہ انھوں نے اس سلسلے میں اساتذہ اور ایجوکیشن کمیٹی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اسکولز کے معاملات کے لیے ہر ہفتے وزٹ کیے جائیں اور طلبہ و طالبات کے علاوہ اسکولوں کے جومعاملات ہیں ان کو بھی حل کیا جائے۔
Load Next Story