گرمی کا زور ٹوٹنے لگا آج سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان

پیر کو درجہ حرارت 37.5ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ہوا میں نمی کاتناسب بڑھنے کی وجہ سے دن کے وقت حدت محسوس کی گئی۔


Staff Reporter June 18, 2019
آج اور بدھ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پار 34سے36ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے،سمندری طوفان ختم ہوگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی میں آج (منگل)کو 96 گھنٹے کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا موسم گرم مرطوب رہاجس کی وجہ دن کے وقت تیز دھوپ اورہوا میں نمی کا تناسب 42فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے خاصی حدت محسوس کی گئی تاہم درجہ حرارت غیر معمولی طورپر بلند نہیں ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شہر میں گرمی کا پارہ 37.5ڈگری ریکارڈ ہوا،جبکہ دن بھر شمال مشرقی اور جنوب مشرقی2مختلف سمتوں کی ہوائیں چلیں،جس کی رفتار 20کلو میٹرفی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج گزشتہ 4روز سے بند سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے گرمی کا پارہ مزید متوازن ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق آج اور بدھ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 34 سے36ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے تاہم اس دوران ہوا میں نمی کاتناسب بڑھنے کی وجہ سے دن کے وقت حدت محسوس کی جاسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون سینٹر نے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کے حوالے سے 9واں الرٹ جاری کیا جس کے مطابق سمندری طوفان وائیو کم درجے کے ٹروپیکل اسٹروم میں تبدیل ہوچکا ہے جو اگلے مرحلے میں محض ایک ڈپریشن کی شکل اختیار کرجائے گا، پیر کی صبح سمندری طوفان وائیو کراچی کے شمال میں 330کلومیٹر کے فاصلے پر موجود تھا۔

ٹروپیکل سائیکلون سینٹر کے مطابق سمندری طوفان کے ہمراہ سطح سمندر پر 165 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی ہوائیں بھی کافی حدتک کم ہوکرکم سے کم 65اورزیادہ سے زیادہ 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوچکی ہے جبکہ ساحلی مقام ٹھٹھہ پر آندھی اور بارشوں کا امکان اب بھی موجود ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں