لاہورپی پی150پرووٹوں کی دوبارہ گنتی پربھی تحریک انصاف ہار گئینلیگ کے میاں مرغوب کامیاب

مسلم لیگ (ن) کے میاں مرغوب نے 18 ہزار 526 جبکہ تحریک انصاف کے مہر واجد نے 18ہزار 74 ووٹ حاصل کئے۔


ویب ڈیسک September 04, 2013
تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کے الزام کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، فوٹو: فائل

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 150 پر ہونے والئے ضمنی انتخاب کے دوران ڈالے گئے ووتوں کی دورابہ گنتی پر بھی مسلم لیگ (ن) کے میاں مرغوب احمد ہی سرخرو ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار کے ہاتھ اس بار بھی ناکامی ہی آئی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی پی 150 کے ضمنی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں مرغوب احمد نے 18 ہزار 526 جبکہ ان کے قریب ترین حریف تحریک انصاف کے مہر واجد نے 18ہزار 74 ووٹ حاصل کئے اس طرح میاں مرغوب احمد نے اپنے حریف کو 452 ووٹ کے فرق سے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی ہے۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا براہ راست فائدہ میاں مرغوب احمد کو ہوا جن کی برتری میں 77 ووٹ کا اضافہ ہوا۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے اعلان کے بعد وہاں موجود مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سے بھر پور انداز میں خوشیاں منائی گئیں، اس موقع پر میاں مرغوب کا کہنا تھا کہ جھوٹے وائٹ پیپرز شائع کرکے عوام کو گمراہ کیا گیا، آج حق اور سچ کی جیت ہوئی ہے اور پاکستان تحریک انصاف اب دھاندلی کی جماعت بن گئی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے امیدوار مہرواجد نے ایک بار پھر حلقے میں پولنگ کے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو اپنے تحریری اعتراضات بھجوائیں گے۔

واضح رہے کہ 22 اگست کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی پی 150 سے مسلم لیگ (ن) کے میاں مرغوب احمد کامیاب قرار پائے تھے تاہم تحریک انصاف کی جانب سے پریزائیڈنگ افسران پر مبینہ طور پر دھاندلی کا الزام لگایا گیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، ووٹوں کی گنتی کا عمل 3 روز جاری رہا جس میں تمام امیدواروں کے نمائندے موجود رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں