بجٹ کودھاندلی سے منظورکرانے کیلئے آصف زرداری کوگرفتارکیا گیا بلاول

زرداری نے تفتیش میں مکمل تعاون کیا، ان کے بیرون ملک جانے کا خدشہ تھا نہ ان پر فرد جرم عائد ہوئی، چیرمین پی پی پی


ویب ڈیسک June 19, 2019
زرداری نے تفتیش میں تعاون کیا، ان کے بیرون ملک جانے کا خدشہ تھا نہ ان پر فرد جرم عائد ہوئی، چیرمین پی پی پی فوٹو:فائل

TOKYO: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ کو دھاندلی سے منظور کرانے کیلئے آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کراچی سے ڈی سیلینیشن پلانٹ سمیت جو وعدے کئے، بدقسمتی سے ایک بھی پورا نہیں ہوا اور پورے ملک کی طرح کراچی کے ساتھ بھی دھوکہ کیا ہے۔

قبل ازیں ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے جمہوری حقوق کی بات کرنے اور آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی حمایت کرنے پر ایم کیو ایم کو سراہتے ہوئے کہا کہ زرداری نے پورے ایک سال تفتیش میں مکمل تعاون کیا، ان کے ملک سے باہر جانے کا نہ خدشہ تھا نہ ان پر فرد جرم عائد کی گئی، خطاکار ثابت ہونے تک کسی کا مجرم نہ ہونا رعایت نہیں بلکہ ملزم کا حق ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار چار گرفتار اراکین اسمبلی ایوان میں پیش نہیں کئے گئے، آصف زرداری کی گرفتاری سے ان کے حلقے نواب شاہ کے شہری بجٹ سیشن میں نمائندگی سے محروم کردیے گئے، زرداری کو اس لئے گرفتار کیا گیا تاکہ بجٹ کودھاندلی سے منظورکرایا جاسکے، حکومت صدر زرداری اور دیگر ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن نے آصف زرداری، سعد رفیق، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم تاحال اسپیکر اسد قیصر نے یہ مطالبہ تسلیم نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں