نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی

کیوی کپتان ولیمسن نے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا


ویب ڈیسک June 19, 2019
میچ برمنگھم میں کھیلا گیا، فوٹو: اے ایف پی

ورلڈکپ کے 25 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دےدی۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے جنوبی افریقا کے 242 رنز کے جواب میں کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا، ولیمسن نے چھکا لگا کر شاندار سنچری اسکور کی اور 103 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، بلیک کیپس نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں پر 4 گیندوں قبل حاصل کیا۔

آل راؤنڈر گرینڈ ہوم نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا، دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 91 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم گرینڈ ہوم 60 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ اوپنر گپٹل 35، منرو9، لیتھم اور ٹیلر ایک ایک جب کہ جمی نیشن 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کرس مورس نے 3، رباڈا، نیگڈی اور پھلکوایو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پچ پر نمی سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے بولنگ کرنے کو ترجیح دی، میچ کا ٹاس پچ گیلی ہونے کی وجہ سے تاخیر سے ہوااوروقت ضائع ہونے پر فی اننگز میں ایک اوور کی کٹوتی کی گئی۔

کیوی کپتان کا فیصلہ بولرز نے درست ثابت کردکھایا اور نپی تلی بولنگ سے بلے بازوں کو شروع سے ہی دباؤ کا شکار کیے رکھا، عمدہ بولنگ کی بدولت پروٹیز مقررہ 49 اوورز میں 6 وکٹوں پر 241 رنز ہی بنا سکے۔

جنوبی افریقی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپننگ جوڑی 9 رنز پر ہی ٹوٹ گئی، ڈی کوک صرف 5 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، ابتدائی نقصان کے بعد کپتان ڈوپلیسی نے تجربہ کار ہاشم آملہ سے مل کر دوسری وکٹ پر 50 رنز جوڑے، ڈوپلیسی 23 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ مارکرم اور آملہ نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا تاہم 111 کے مجموعے پر آملہ مارکرم کا ساتھ چھوڑ گئے، انہوں نے 55 رنز بنائے۔

136 پر مارکرم کے پویلین لوٹنے پر جارح مزاج ڈیوڈ ملر اور وینڈر ڈوسن نے 72 رنز جوڑ کر مجموعے کو 208 تک پہنچایا، ملر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئےالبتہ وینڈر ڈوسن نے 67 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 242 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے 3 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں،بولٹ، گرینڈہومے اور سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں