یونیورسٹیزترمیمی بل کیخلاف جامعہ کراچی میں اساتذہ کا آج ہڑتال کا اعلان

اساتذہ جامعات کی خودمختاری کوسلب کیے جانے پر احتجاج کرینگے، اجلاس میں فیصلہ

اساتذہ نے یونیورسٹیرز بل کیخلاف عدالت کادروازہ کھٹکھٹانے کا بھی اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ فوٹو: فائل

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے سندھ کی جامعات کی خود مختاری ختم کرنے کے ترمیمی بل 2013 کو مستردکرتے ہوئے آج جمعرات5 ستمبر کوجامعہ کراچی میں ہڑتال اور تدریسی عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے اورکہا ہے کہ انجمن اساتذہ جامعات کی خودمختاری بحال ہونے تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

جبکہ اس بل کیخلاف عدالتوں کادروازہ کھٹکھٹانے اور قانونی کارروائی کا بھی اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے بدھ کو منعقدہ اجلاس کے بعد انجمن اساتذہ کے صدر پروفیسر مطاہر شیخ اورسیکریٹری حارث شعیب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آج جمعرات کو جامعہ کراچی کے اساتذہ جامعات کے ترمیمی بل میں یونیورسٹیز کی خودمختاری کوسلب کیے جانے کی کوشش کے خلاف احتجاج کریں گے اور احتجاجاً آج جامعہ کراچی میں ہڑتال ہوگی اس موقع پر تدریسی عمل کا بائیکاٹ ہوگا اورانجمن اساتذہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔




جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور احتجاجی تحریک کے شیڈول کوحتمی شکل دی جائے گی، پریس کانفرنس اورقبل ازیں اجلاس عام میں انجمن اساتذہ کی مجلس عاملہ کے اراکین پروفیسر عابد حسنین، پروفیسر فیاض وید، پروفیسرجمیل کاظمی،عاصم علی، فرحان، پروفیسرابوذرواجدی اور پروفیسر خالد عراقی موجود تھے۔

رہنماؤں نے کہا کہ اساتذہ کو وائس چانسلرکی تقرری کے اختیارات گورنر سے حکومت سندھ کومنتقل کیے جانے پر اعتراض نہیں ہے تاہم بل میں ایسی شقوں کو قبول نہیں کیاجائے گا جس سے سینیٹ ، سینڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل اپنے فیصلوں اور تعلیمی پالیسی کی تشکیل میں آزاد نہ ہوں،اجلاس عام میں اساتذہ کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد دیگر صوبوں میں اختیارات اداروں کو منتقل کیے گئے لیکن سندھ میں جامعات سے اختیارات چھینے جارہے ہیں۔
Load Next Story